یورو فٹبال 2016 میں اسپین کو 8 برس میں پہلی بار شکست کا سامنا

کوالیفائر میں دفاعی چیمپئن کی لگاتار 36 فتوحات کو بریک لگ گئے، سلواکیہ فتحیاب، انگلینڈ نے سان مارینو کو زیر کرلیا


Sports Desk October 11, 2014
کوالیفائر میں دفاعی چیمپئن کی لگاتار 36 فتوحات کو بریک لگ گئے، سلواکیہ فتحیاب، انگلینڈ نے سان مارینو کو زیر کرلیا۔ فوٹو: فائل

دفاعی چیمپئن اسپین کو 8سال میں پہلی بار یورو کوالیفائرز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سلواکیہ نے 2-1 سے فتح کے ساتھ گروپ سی میں ٹاپ پوزیشن پر جگہ بنالی، انگلینڈ نے سان مارینو پر 5-0 سے ہاتھ صاف کرلیا، سلوانیہ کی ٹیم سوئٹزر لینڈ کیخلاف 1-0 سے سرخرو رہی، سویڈن اور روس کا مقابلہ 1-1سے برابر رہا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ہسپانوی ٹیم یورو لیگ کے کوالیفائرز میں بھی پرانی غلطیاں دہراتی نظر آرہی ہے،دفاعی چیمپئن نے اپنے پہلے میچ میں مقدونیہ کو 5-1 سے زیر کرلیا تھا لیکن مسلسل دوسری کامیابی کی امیدوں پر سلواکیہ نے پانی پھیر دیا، فاتح ٹیم نے کھیل کے 17ویں منٹ میں جوراج کوکا کے فری کک پر گول کی بدولت برتری حاصل کی،بعد ازاں دونوں طرف سے چند مواقع ضائع کیے گئے، زیلینا میں کھیلا گیا میچ ختم ہونے سے 8 منٹ قبل پاکو ایلسیسر نے بال کو جال میں پھینک کر اسپین کو شکست کی شرمندگی سے بچانے کی آس دلائی لیکن سلواکیہ نے ہمت نہ ہارتے ہوئے ایک بھرپور جوابی حملہ کیا۔

کپتان میرک ہامسک نے متبادل کھلاڑی مائیکل ڈرس کو پاس دیا جنہوں نے ایک عمدہ کراس سے گیند میروسلا سٹوچ تک پہنچائی،چیلسی کے سابق مڈفیلڈر نے کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ ہسپانوی کوچ ڈیل باسک کا کہنا ہے کہ میچ کا نتیجہ توقعات کے برعکس تھا، ہمیں زیادہ گول کرنے کی ضرورت تھی،اچھی مووز بھی بنائیں لیکن مواقع سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا،سلواکیہ کے گول کیپر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہمارے ہر حربے کو ناکام بنایا۔ یاد رہے کہ اسپین کو 2006 سے اب تک مسلسل 36 فتوحات کے بعد پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب گروپ ای میں انگلینڈ نے لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرلی، سوئٹزر لینڈ کو 2-0 سے نیچا دکھانے والی ٹیم نے سان مارینو پر 5-0 سے ہاتھ صاف کیا، وائن رونی نے ایک کامیاب کوشش سے اپنے انٹرنیشنل گولز کی تعداد 42 کرنے کے بعد السینڈرو ڈیلا ویلا کو اون گول پر مجبور کیا، فل جاگیلکا، ڈینی ویلبیک اور متبادل کھلاڑی آندروس ٹاؤنسینڈ نے ایک ایک بار حریف کا دفاع پاش پاش کیا، فاتح ٹیم کا اگلا مقابلہ اتوار کوایسٹونیا سے ہوگا۔

انگلینڈ کے منیجر رائے ہوج سن کا کہنا ہے کہ چند غلطیاں نہ ہوتیں تو مزید گول بھی سکور کرسکتے تھے، ویمبلے کے کراؤڈ کی بھرپور سپورٹ نے کھلاڑیوں کے حوصلے جوان رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی سوئس ٹیم کی یورو کوالیفائرز مہم خاصی کمزور نظر آرہی ہے، ابتدائی معرکے میں ناکام رہنے والی سائیڈ کو دوسرے میچ میں سلوانیہ نے 1-0 سے شکست دیدی، فیصلہ کن گول پنالٹی اسپاٹ پر ملنے والے پاس پر ملی ووج نواکووک نے کیا، سلوانین گول کیپر سمیر ہیڈانووک نے حریف کے 5 حملے پسپا کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردارا ادا کیا، اسی گروپ میں لیتھوانیا نے ایسٹونیا کو واحد گول سے ہراکر اپنی فتوحات کی تعداد 2 کرلی۔

گروپ جی میں سویڈن اور روس کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، پہلے ہاف میں سویڈن نے پنالٹی پر برتری حاصل کرنے کا سنہری موقع گنوایا، گول کیپر ایگور ایکنفیو سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، روس نے الیگزینڈر کوکورن کے گول کی بدولت سبقت حاصل کی، وقفہ کے بعد سویڈن کے جوابی حملے پر اولا ٹوئی وونن نے حریف کے دفاع میں دراڑ ڈالتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ آسٹریا نے مالدووا کو 2-1 سے زیر کیا،پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے پنالٹیز پر ایک ایک گول کیا، آسٹریا کے مارک جانکو نے میچ ختم ہونے سے 10 منٹ قبل فیصلہ کن برتری دلائی تاہم بعد ازاں فاؤل پلے پر میدان سے باہر کردیے گئے۔مونٹی نیگرو اور لائشٹین سٹین کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں