پاکستان دولت مشترکہ کی 61 ویں کانفرنس کا میزبان منتخب

کیمرون میں60 ویں کانفرنس میں53 ممالک نے پاکستان کو میزبانی کیلیے منتخب کیا


APP/Numainda Express October 11, 2014
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق2014-15 کیلیے دولت مشترکہ پارلیمانی اسمبلی کے صدر منتخب ہو گئے۔ فوٹو: فائل

کیمرون میں جمعے کو60 ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے اختتامی اجلاس کے دوران53 ممالک کے لگ بھگ 200 پارلیمنٹیرینز نے پاکستان کو61 ویں اجلاس کی میزبانی کیلیے منتخب کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران بڑے جذباتی مناظردیکھے گئے جب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق2014-15 کیلیے دولت مشترکہ پارلیمانی اسمبلی کے صدر منتخب ہوئے اورانھیں جنوبی افریقہ، مالٹا، تنزانیہ سمیت افریقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان اپنے علاقائی اور روایتی اندازمیں رقص کرتے اوراستقبالی نغمات گنگناتے ہوئے کرسی صدارت پرلے کرآئے۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے پاکستان کو2015 کی دولت مشترکہ پارلیمانی اسمبلی کی میزبانی کے لیے منتخب کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں ایازصادق نے شرکاء کے سامنے دستاویزی فلم کی مدد سے پاکستان کا تعارفی خاکہ پیش کیا۔ اسپیکرنے اپنے خطاب میں کہاکہ آئندہ سال61 ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی کے لیے پاکستان کا انتخاب درحقیقت اقوام عالم کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت اور نظام حکومت پر اعتماد کااظہارہے، پاکستان میں جمہوریت بڑی تیزی سے پنپ رہی ہے اور دنیا نے دیکھا2013ء میں ایک منتخب عوامی حکومت نے دوسری منتخب عوامی حکومت کو اقتدار سونپا، یہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں بڑے یادگار لمحات تھے۔

انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائی کامیابی سے جاری ہے اور پاکستان میں دہشتگردی کا قلع قمع کیا جارہا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان پھرسے امن کا گہوارا بن جائےگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جس کے ذریعے دہشت گردی کا قلع قمع کیا جارہا ہے اس کامیابی کو اقوام عالم نے بھی خوب سراہا ہے، ملک میں بڑی سیاسی ریلیاں اور اجتماعات کا کامیابی سے انعقاد اس بات کی دلیل ہے کہ سیاسی سرگرمیاں بلا خوف جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں