ڈنڈے کے زور پر نواز شریف سے استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا خورشید شاہ

وسط مدتی انتخابات اسی وقت ہوسکتے ہیں جب نوازشریف خود مستعفی ہوجائیں،رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک October 11, 2014
نواز شریف نے حکومت حاصل کرنے کے لئے ناممکن دعوے کئے۔، خورشید شاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ ملک میں اسی وقت مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں جب نوازشریف مستعفی ہوجائیں لیکن چند لوگوں کی خواہش یا ڈنڈے کے زور پرایسا نہیں ہوسکتا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات سے قبل نوازشریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے سمیت ایسے بلند و بانگ دعوے کئے جو ناممکن تھے اور انہوں نے ایسا صرف حکومت حاصل کرنے کے لئے کیا۔ پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں ملک کے عوام کے بالعموم اور بلوچستان کے لوگوں کے لئے بالخصوص کئی اقدام کئے اور یہ تمام اقدامات ووٹ حاصل کرنے کے لئے نہیں کئے گئے کیونکہ محرومیوں کا خاتمہ ان کا حق ہے۔ اسی لئے ہم نے کبھی سچ کے مقابلے میں جھوٹ کو طاقتور نہیں بنایا۔ ہم نے کوتاہیاں کی ہوں گی لیکن وہ اتنی بڑی نہیں تھیں جتنی بڑی ہمیں سزا ملی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا نہیں چاہتی کہ ایٹمی قوت کا حامل پاکستان دنیا میں اقتصادی قوت بھی بن جائے، وہ یہ نہیں کہتے کہ عمران خان یہودی لابی کے لئے کام کررہے ہیں لیکن ان سے سازش کرواکر چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کروایا گیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں اسی وقت مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں جب نواز شریف مستعفی ہوجائیں لیکن چند لوگوں کی خواہش یا ڈنڈے کی زور پرایسا نہیں ہوسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں