گوگل کو روزانہ 30 لاکھ صارفین کی کمی کا سامنا رینکنگ گر گئی

مسلم ممالک کے یوٹیوب کے بائیکاٹ کے باعث گوگل کی عالمی اجارہ داری خطرے میں پڑ گئی

مسلم ممالک کے یوٹیوب کے بائیکاٹ کے باعث گوگل کی عالمی اجارہ داری خطرے میں پڑ گئی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
دنیا بھر میں یوٹیوب کے بائیکاٹ کی وجہ سے گوگل کو ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا ہے۔

کمپنی رینکنگ میں پہلے سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے اور اسے روزانہ 30لاکھ صارفین کی کمی کا سامنا ہے ۔ انٹرنیٹ کی ٹریفک رینکنگ پر نظر رکھنے والے پورٹل الیکسا نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مسلمان ملکوں میں معروف سرچ انجن گوگل اور اس کی ملکیتی یوٹیوب کے بائیکاٹ نے کمپنی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ یوٹیوب سے گستاخانہ فلم نہ ہٹانے پر گوگل کے بائیکاٹ کی وجہ سے کمپنی رینکنگ میں پہلے نمبر سے تیسرے پر آ گئی ہے ۔


انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں نے گوگل کا متبادل تلاش کرنا شروع کر دیا ہے ۔ گوگل کی مقبولیت میں تیزی سے کمی کا فائدہ کمپنی سے کاروباری مسابقت رکھنے والے سرچ انجن اٹھا رہے ہیں ۔ حالیہ بائیکاٹ کے بعد گوگل کے صارفین کی تعداد میں نہ صرف کمی آئی ہے بلکہ عالمی سطح پر اسے ملنے والے اشتہارات بھی خاطر خواہ کم ہو گئے ہیں ۔ اس مد میں اب تک گوگل کو کم سے کم21لاکھ ڈالرز سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔

دریں اثناء برازیل کی پولیس نے برازیل میں گوگل کے صدر فیبیو ژوزے سِلوا کوئلیو کو یوٹیوب سے چند وڈیوز ہٹانے سے انکار پر مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا ۔ جج نے گذشتہ ہفتے وڈیوز ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن گوگل نے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا ۔ اے ایف پی کے مطابق گوگل کے چیئرمین ایرک شمٹ نے یوٹیوب پر گستاخانہ فلم پوسٹ کئے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ برے خطاب کا جواب پابندی نہیں بلکہ مزید مکالمہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اس قسم کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں ۔
Load Next Story