دوستانہ فٹبال میچ پاکستان اور فلسطین میں آج برتری کی جنگ

مہمان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ پنجاب اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا


Sports Reporter October 12, 2014
مہمان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ پنجاب اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا. فوٹو؛ فائل

پاکستان اور فلسطین کی قومی فٹبال ٹیموں کے درمیان فیفا ڈے فٹبال میچ اتوار کو لاہور میں منعقد ہورہا ہے۔

پنجاب اسٹیڈیم میں سہ پہر 3 بجے شروع ہونے والے مقابلے کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد احمد کریں گے جبکہ فلسطینی ٹیم میں کپتانی کے فرائض رمزی ایس صالح انجام دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان اور کوچز مقابلہ اپنے نام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ شائقین کے لیے داخلہ فری ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق 2 سال کے بعد پاکستان اور فلسطین کی ٹیمیں ایک بار پھر لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

میچ کے لیے فلسطین ٹیم گزشتہ روز صبح بھارت سے لاہور پہنچی تو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آفیشلز نے ٹیم کا استقبال کیا، دونوں ٹیموں نے سہ پہر کو پنجاب اسٹیڈیم میں الگ الگ سیشنز میں ٹریننگ کی، میچ کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل احمد یار خان کا کہنا تھا کہ مختلف کھیلوں کی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریزاں ہیں جس کی وجہ سے انٹرنیشنل مقابلے نہیں ہو رہے ، پی ایچ ایف کے صدر فیصل صالح حیات کی ذاتی کاوشوں کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں اب پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں جس سے ملک کا بہتر تصور پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آئے گا۔

انھوں نے اعلان کیا کہ میچ کے لیے اسٹیڈیم میں انٹری فری ہو گی۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ شاملان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوچ کی طرح وہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم ہر میچ جیتے مگر ہمارا اسکواڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ابھی تعمیری مراحل سے گزر رہا ہے اس کے باوجود بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ، ہماری کوشش ہو گی کہ فلسطین کے خلاف بہتر کھیل پیش کریں۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد احمد نے کہا کہ چند سنیئر کھلاڑی ٹیم میں شامل نہیں ہیں، جس کی وجہ سے جونیئرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا اور مجھے امید ہے کہ فلسطین کے خلاف ایک اچھا میچ ہوگا۔ مہمان ٹیم کے کوچ سعدی نے کہا کہ وہ بھی نوجوان کھلاڑی ساتھ آئے ہیں اور ان کا مقصد آنے والے ایشیا کپ کی تیاری ہے۔ انھوں نے بھارت کو بھی شکست دی جبکہ اب پاکستان کے خلاف بھی کامیابی حاصل کر کے اپنی رینکنگ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کے منیجر حسام الدین الحسین نے کہا کہ ہم دس گھنٹے کا سفر طے کر کے لاہور پہنچے ہیں اور ایک دن آرام کے بعد میچ کھیل رہے ہیں تاہم وہ پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ ادھر ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انورنے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے ہدایت جاری کر دیں، عثمان انور نے اس حوالے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان فٹبال فیڈریشن سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، عثمان انور کا کہنا تھا کہ فلسطین کی قومی فٹبال ٹیم دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ، اسٹیڈیم کے اطراف سیکیورٹی وال بنائی گئی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں