سمندری طوفان ’ہد ہد‘ بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا 6 افراد ہلاک

سمندری طوفان 170 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے وشاکا پٹنم سے ٹکرایا، بھارتی حکام


ویب ڈیسک October 12, 2014
طوفان کے باعث آندھرا پردیش سے اب تک ڈیڑھ لاکھ جب کہ اڑیسہ سے 68 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، این ڈی ایم اے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

خلیج بنگال سے اٹھنے والا خطرناک سمندری طوفان 'ہدہد' بھارت کی جنوب مشرقی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے وشاکا پٹنم سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان 'ہد ہد' 170 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے وشاکا پٹنم سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ دونوں افراد کی ہلاکت درخت کے نیچے دب جانے کے باعث ہوئی۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے سیلاب کی شدت میں تیز ہواؤں کے ساتھ اضافے کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں ساحلی پٹی کے قریب رہنے والی آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد بڑے پیمانے پر لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی شروع کر دی ہے۔ آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے سے اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد جب کہ اڑیسہ سے 68 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، حکام نے ریاست اڑیسہ میں مزید 3 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق طوفان 'ہد ہد' بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا سکتا ہے اور اس کی شدت 200 کلومیٹر فی گھنٹے تک جا سکتی ہے، طوفان کی شدت میں 6 گھنٹوں بعد کمی کا امکان ہے۔ دوسری جانب خصوصی ریلیف کمشنر پردیپ کمار مہا پاترہ کا کہنا ہے کہ اس طوفان کا سامنا کرنے کے لیے حکام اور انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہیں جب کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھارتی بحریہ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 1999 میں بھارتی ریاست اڑیسہ میں آنے والے 'سُپر سائیکلون' سے 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں