شنگھائی ماسٹرز ٹینس کی ٹرافی راجر فیڈرر کے نام

جائلز سیمون فائنل میں ناکام،جاپان میں اسٹوسر اعزاز کے دفاع میں سرخرو،لنز ویمنز میں کیرولینا پلسکووا نے میدان مارلیا


AFP October 13, 2014
شنگھائی ماسٹرز کے فائنل میں کامیابی کے بعد سوئس اسٹارراجر فیڈرر وننگ ٹرافی اٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: راجرفیڈرر نے شنگھائی ماسٹرز کی صورت کیریئر کا 81 واں ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں فرنچ حریف جائلز سیمون کو 7-6(8/6) اور7-6(7/2) سے مات دے دی۔

جاپان ویمنز ٹینس میں آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر پہلی مرتبہ اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہوگئیں، قازقستان کی زرینہ ڈیاس نے رنر اپ ٹرافی پر اکتفا کرلیا،لنز ویمنز ٹینس کی ٹرافی کیرولینا پلسکووا کے نام ہوگئی، انھوں نے فائنل میں اطالوی پلیئر کمیلا جیورجی کو 6-7(4/7)،6-3 اور7-6(7/4) سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں راجرفیڈرر نے اولڈ از گولڈ کی کہاوت کو درست ثابت ہوئے میدان مارلیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں فرنچ حریف جائلز سیمون کو پچھاڑ کر کیریئر کا 81واں ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کو ٹھکانے لگاکر اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کردیا تھا، تاہم فیصلہ کن معرکے میں جائلز نے دونوں سیٹ ٹائی بریکر تک پہنچائے، فیڈرر نے اگست میں سنسناٹی ماسٹرز بھی جیتا تھا، مجموعی طور پر یہ فیڈرر کے کیریئر کا 23واں ماسٹر ٹائٹل شمار ہوا، وہ پیر کو نئی عالمی درجہ بندی میں رافیل نڈال سے دوسری پوزیشن بھی چھین لیں گے۔

اسی طرح کیریئر میں دوسری مرتبہ ماسٹرز ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے پر جائلز سیمون بھی دنیا کے 20 صف اول کے پلیئرزمیں واپس آجائیں گے۔ دوسری جانب جاپان ویمنز ٹینس کے فائنل میں آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے قازقستان سے تعلق رکھنے والی زرینہ ڈیاس کو 7-6 (9/7)،6-3 سے قابو کرلیا، بڑی سروس کیلیے شہرت رکھنے والی اسٹوسر نے کیریئر میں پہلی مرتبہ اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

انھوں نے گذشتہ برس بھی یہاں پر چیمپئن بننے میں کامیابی پائی تھی،اسٹوسر کے ویمنز سنگلز ٹائٹلز کی تعداد اب6 ہوگئی، اس سے قبل انھوں نے آخری مرتبہ ٹائٹل گذشتہ برس جولائی میں کارلسباڈ میں جیتا تھا،ڈبلز ٹائٹل جاپانی پلیئر شوکوآیومی اور جمہوریہ چیک کی رینیٹا ووراکووا نے قبضے میں کرلیا، انھوں نے فائنل میں اسپین کی لارا آروبیرینا اور جرمنی کی ٹیٹجانا ماریا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1 اور6-2 سے قابو کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں