عوامی تحریک نے اپوزیشن گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ کرلیا

اتحاد میں باضابطہ شمولیت کے لیے پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے رابطہ کیا جائے گا۔

اتحاد میں باضابطہ شمولیت کے لیے پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے رابطہ کیا جائے گا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

LONDON:
پاکستان عوامی تحریک نے گو نواز گو احتجاجی تحریک کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سیاسی اتحاد کو آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی اتحاد میں تبدیل کیا جائے گا۔

عوامی تحریک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی ماحول کا درجہ حرارت مزیدبڑھانے کے لیے عوامی تحریک نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیزکرنے کا عندیہ دیا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری نے چوہدری برادران سے طویل مشاورت کی ہے، اس مشاورت میں اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد دھرنے کو احتجاجی تحریک میں تبدیل کرنے اور مختلف اضلاع میں جلسوں کے بعد اس تحریک کو سیاسی جماعتوں کے اتحاد میں تبدیل کیا جائے گا اورحکومت کے خلاف ایک اپوزیشن گرینڈ الائنس بنایا جائے گا۔


اس اتحاد میں باضابطہ شمولیت کے لیے پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے رابطہ کیا جائے گا، اس کے بعد مرحلہ وار پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی سمیت دیگرسیاسی، مذہبی، قوم پرست اور بلوچ جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، اس اتحاد کے قیام کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری خود ہوں گے جبکہ کمیٹی میں چوہدری پرویز الہی، شیخ رشید اور دیگر رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا، کمیٹی گرینڈ الائنس کے قیام کے لیے مختلف جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔

سیاسی اتحاد کے اغراض ومقاصد مختلف جماعتوں کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے، اگر سیاسی جماعتوں میں گرینڈ الائنس پر اتفاق رائے ہوگیا تو اس سیاسی اتحاد کو آئندہ انتخابات کیلیے انتخابی اتحاد میں تبدیل کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک نے شریف برادران کے خلاف ملک گیراحتجاجی تحریک چلانے کیلیے مشاورت مکمل کرلی اور جلد تحریک انصاف قیادت سے رابطہ کر کے ملک بھر کی اہم شاہراہوں اورمقامات پر طویل المدت پہیہ جام دھرنے دینے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی، سیاسی اتحاد کے قیام کیلیے ڈاکٹر طاہر القادری جلد رابطوں کا آغازکرینگے۔
Load Next Story