ورلڈ کپ سے پہلے فارم میں نہ آیا تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا مصباح الحق

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ میرا ذاتی تھا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم


ویب ڈیسک October 13, 2014
کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور میجنمنٹ پر پورا اعتماد ہے، مصباح الحق۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر ورلڈ کپ 2015 سے پہلے فارم میں واپس نہ آیا تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا۔

ایک غیر ملکی اخبار کو اپنے انٹرویو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میرے لئے پاکستان اور قومی ٹیم سب سے پہلے ہے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں ورلڈ کپ 2015 تک ٹیم کا کپتان ہوں لیکن یہ ضرور ہے کہ اس کا انحصار آنے والے ٹیسٹ میچر پر ہے کیونکہ کرکٹ میں رنز اور فارم بہت اہمیت رکھتے ہیں، اگر میں ورلڈ کپ سے پہلے فارم میں نہیں آیا تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کھلاڑیوں اور میجنمنٹ پر پورا اعتماد ہے، آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شرکت نہ کرنے فیصلہ میرا ذاتی تھا، میچ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا، اپنے فیصلے سے خود ٹیم مینجمنٹ اور شاہد آفریدی کو آگاہ کیا، یہی سوچا تھا کہ شاہد آفریدی ایک نئے مورال کے ساتھ ٹیم کو لے کر میدان میں اتریں گے اور جو بھی میر جگہ کھیلے گا وہ ٹیم کے لئے بہتر ہو گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ کرکٹ میں قسمت بھی بہت اہم ہوتی ہے، بعض اوقات آپ فارم میں ہوتے ہیں لیکن قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی جیسے کہ میری آخری 10 اننگز میں سے 4 مرتبہ رن آؤٹ ہوا لیکن مجموعی طور پر میری فارم ٹھیک ہے اور نیٹ پریکٹس میں گیند بھی ٹھیک طرح سے بلے پر آ رہی ہے جلد ہی گراؤنڈ میں بھی واپس فارم میں نظر آؤں گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں