ISLAMABAD:
پاکستان فلم انڈسٹری میں تنازعات اور اپنی انگریزی کی وجہ سے مشہور اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ اسپتال کی تعمیر ایک نیک کام ہے اور اس کار خیر کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنا مناسب نہیں سمجھتی۔
ملتان میں اپنے اسپتال کی تعمیر کے لئے فنڈ ریزنگ مہم کے دوران ایک اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ بچیوں کو دیکھ کر نروس ہو گئی ہوں، انہیں دیکھ کر مجھے اپنا بچپن یاد آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیاں پاکستان کا مسقتبل ہیں اور مجھے ان میں ملالہ نظر آتی ہے۔
میرا نے کہا کہ میری والدہ بھی تعلیم کے شعبے سے وابستہ رہیں اور ان کے ساتھ مل کر پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن لوگوں کو ووٹ کے صحیح استعمال کا پتہ ہونا چاہیئے، شیخ رشید ایک اچھے سیاستدان ہیں ان کے ساتھ جو کچھ ملتان میں ہوا میں اس کی مذمت کرتی ہوں۔
شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ شادی میرا ذاتی معاملہ ہے، ایک فلاحی کام کے لئے یہاں آئی ہوں، مناسب نہیں سمجھتی کہ اس نیک کام کے دوران اپنی ذاتی زندگی اور شادی سے متعلق کوئی بات کروں۔