حصص مارکیٹ میں تیزی 30300 پوائنٹس کی حد عبور

60.69 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید46 ارب94 کروڑ63 لاکھ8 ہزار947 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter October 14, 2014
کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 30394.41 پوائنٹس پر جاپہنچا۔ فوٹو: آن لائن

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کو ممکنہ طور پر1.1 ارب ڈالر قرضوں کے بیک وقت دواقساط جاری ہونے اور ایک بڑے بینک کی جانب سے سیکنڈری پبلک آفرنگ کی توقعات پر کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس 30300 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا۔

60.69 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید46 ارب94 کروڑ63 لاکھ8 ہزار947 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ممکنہ طور پرقرضوں کی 2 اقساط جاری ہونے کی توقعات پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھا جبکہ بینکنگ سیکٹر میں بڑھتی ہوئی دلچسپی مارکیٹ میں تیزی کا باعث بنی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر39 لاکھ14 ہزار956 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے2 لاکھ61 ہزار196 ڈالر، میوچل فنڈز 20 لاکھ89 ہزار834 ڈالر، این بی ایف سیز 5 لاکھ 21 ہزار249 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 10 لاکھ 42 ہزار677 ڈالر سرمایہ کاری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 235.78 پوائنٹس کے اضافے سے30394.41 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 133.60 پوائنٹس بڑھ کر20509.91 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 255.64 پوائنٹس اضافے سے 49125.41 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 9.44 فیصد زائد رہا،25 کروڑ 17 لاکھ35 ہزارحصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 430 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں261 کے بھائو میں اضافہ، 151 کے دام میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔