قائداعظم ٹرافی اعزاز چیمہ کی تباہ کن بولنگ زیبراز 79 پر ڈھیر

پی آئی اے نے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 249رنز جوڑ کر مجموعی سبقت 394 تک پہنچادی.

محمد سمیع نے 5اور سہیل خان نے 4وکٹوں کا بٹوارہ کرتے ہوئے کراچی ڈولفنز کو 222تک محدود رکھا، فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی گولڈ لیگ میں واپڈا نے لاہور لائنز کیلیے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، ٹیم نے 6وکٹ پر 542 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔

محمد سعد 157 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کراچی ڈولفنز پورٹ قاسم کیخلاف صرف 2رنز کی برتری حاصل کرپائے، محمد سمیع نے 5 شکار کیے، زرعی بینک کے عثمان شنواری اسلام آباد لیپرڈز کی 6 وکٹیں لے اڑے، یو بی ایل کے اسد علی نے راولپنڈی ریمز کیخلاف سنچری داغ دی، سلور لیگ میں اعزاز چیمہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے کراچی زیبراز کی بساط صرف 79رنز پر لپیٹ دی، پیسر نے صرف 26رنز دیکر 6کو پویلین کی راہ دکھائی،پی آئی اے نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 249 رنز بناکر مجموعی برتری 394 تک پہنچادی،حیدر آباد ہاکس کیخلاف پی ٹی وی کی اننگز 126 تک محدود رہی۔

لاہور ایگلز کے مقابل کے آر ایل ٹیم 172پر ڈھیر ہوگئی، سوئی سدرن گیس نے بہاولپور اسٹیگز کے سامنے 519کا پہاڑکھڑا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوسرے روز واپڈا نے لاہور لائنز کو رنز کے انبار تلے دبادیا، ٹیم نے 6وکٹ پر 542رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی،محمد سعد 157 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے،سعد نسیم نے3 وکٹیں حاصل کیں،جواب میں لاہور لائنز نے ایک وکٹ پر 70رنز بنائے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میزبان ڈولفنز صرف 2رنز کی برتری حاصل کرپائے، پورٹ قاسم اتھارٹی نے پہلے روز220 رنزبنائے تھے،جواب میں محمد سمیع نے 5اور سہیل خان نے 4وکٹوں کا بٹوارہ کرتے ہوئے کراچی ڈولفنز کو 222تک محدود رکھا،فضل سبحان کے 57رنز شامل تھے،محمد حسن نے 42کی اننگز کھیلی۔پورٹ قاسم اتھارٹی نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 24رنز بنائے ہیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹائیگرز کے 219رنز کے جواب میں سوئی ناردرن گیس ٹیم نے 105رنز کے سفر میں 5وکٹیں گنوادی ہیں،محمد عرفان نے 3شکار کیے۔


ارباب نیاز اسٹیڈیم میں نیشنل بینک کی اننگز پہلے روز170تک محدود رہی تھی،دوسرے روز کا کھیل بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے پشاور پینتھرز کو اپنی باری ایک وکٹ پر 45رنز سے دوبارہ شروع کرنے کا موقع نہ مل سکا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ میں زرعی ترقیاتی بینک کے ٹوٹل 193کے جواب میں اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیم 209رنز بناپائی، علی سرفراز کے 69رنز شامل تھے، عثمان شنواری نے 66رنز کے عوض 6 شکار کیے، خلیل نے 3وکٹیںلیں، بینک کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 12رنز بنائے ہیں۔

پنڈی اسٹیڈیم میں راولپنڈی ریمز کیخلاف یو بی ایل ٹیم انتہائی مستحکم پوزیشن میں آگئی، میزبان سائیڈ پہلے روز صرف 130پر ڈھیر ہوگئی تھی،جواب میں یوبی ایل نے 3وکٹوں کے نقصان پر 252رنز جوڑ لیے ،اسد علی نے 101رنز بنائے، حسن محمود 63پر ناقابل شکست ہیں۔ سلور لیگ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اعزاز چیمہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے کراچی زیبراز کی بساط صرف 79رنز پر لپیٹ دی، پی آئی اے کے 224رنز کے جواب میں گزشتہ روز 55کے ٹوٹل پر 5وکٹیں گنوانے والی میزبان ٹیم کے باقی بیٹسمین بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

پیسر نے صرف 26رنز دیکر 6کو پویلین کی راہ دکھائی، نجف شاہ کے حصے میں 4وکٹیں آئیں،پی آئی اے نے دوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 249رنز بناکر 394کی برتری حاصل کرلی ہے، فیصل اقبال 106پر ناقابل شکست ہیں۔ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں میزبان ہاکس کے248رنز کے جواب میں پی ٹی وی کی اننگز 126تک محدود رہی، بابر خان 4، ناصر اویس 3وکٹیں لے اڑے،حیدرآباد ٹیم نے دوسری اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بناکر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔

فیصل اطہر47 اور ذیشان گل 41پر ناٹ آئوٹ ہیں، ایل سی سی اے گرائونڈ میں لاہور ایگلزنے اپنی اننگز 252پر تمام کی، کے آر ایل ٹیم 172پر ڈھیر ہوگئی،شعیب منہاس 80رنز کیساتھ ٹاپ اسکورربنے،آصف رضا5 اور شاہد نواز 3وکٹیں لیں، میزبان ٹیم نے 80 رنز کی برتری پانے کے بعد 3وکٹیں صرف 42رنز پر گنوادی ہیں، تینوں شکار صدف نے کیے، جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں میزبان اسٹالینز نے اپنی نامکمل اننگز 5 وکٹ پر 229رنز سے شروع کرکے 351کا مجموعہ حاصل کیا،عتیق الرحمان نے سنچری بنائی، حبیب بینک نے بھی بڑے اسکور کی بنیاد رکھتے ہوئے 3وکٹ پر 181رنز جوڑے، فخر زمان 80، عمران فرحت 50رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اقبال اسٹیڈیم میں پہلے روز 5وکٹ پر 196رنز بنانے والی اسٹیٹ بینک ٹیم کا ٹوٹل 305رہا۔جواب میں فیصل آباد وولفز نے94 رنزکے سفر میں 3وکٹوں کا نقصان اٹھایا ہے۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں سوئی سدرن گیس نے 4وکٹ پر 389رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کرنے کے بعد دوسرے روز بھی بولرز کی پٹائی جاری رکھی اور 519رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،اویس ضیا 164رنز بناکر آئوٹ ہوئے، عثمان طارق نے بھی سنچری مکمل کرلی،ظاہر صدیقی 4،عبدالرحمان نے 3وکٹیں لیں، بہاولپوراسٹیگز نے بغیر کسی نقصان کے 53رنز بنالیے۔
Load Next Story