آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز تجربہ کار پلیئرز کی انجرینوجوانوں کو موقع ملنے کا امکان

سلیکٹرز نے ٹیم کا اعلان ’ اے ‘ ٹیم کے ٹور میچ ختم ہونے تک موخر کردیا، حفیظ کو محتاط انداز میں بیٹنگ پریکٹس کی اجازت


Sports Reporter October 14, 2014
انجریز کی وجہ سے اسکواڈ کا اعلان تاخیر سے کرنے پر مجبور ہوئے ہیں، معین خان، فوٹو : فائل

ISLAMABAD: آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ معرکوں کیلیے ہتھیار کم پڑ گئے، اہم کرکٹرز کی انجریز نے سلیکٹرزکوبھی نڈھال کردیا،کینگروز کیخلاف سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان موخر کردیا گیا،اے ٹیم کے4 روزہ میچ کے اختتام تک کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 22اکتوبر کو ہونا ہے، واحد ٹوئنٹی 20میچ کے بعد ون ڈے مقابلوں میں بھی کلین سوئپ ہونے والی پاکستانی ٹیم منیجمنٹ کو ہتھیاروں کی کمی کا سامنا ہے،کینگروز کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے والے وہاب ریاض اپنا دوسرا اوور پورا نہیں کرپائے تھے، پی سی بی کے جنرل منیجر اسپورٹس میڈیسن ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ بولنگ کرتے ہوئے کریز میں پاؤں مڑ جانے کے باعث پیسر کے ٹخنے کی ہڈی پر دباؤ آگیا تھا، جلد میں بھی سوجن ہوچکی ہے، دبئی میں آرتھوپیڈک سرجن نے ان کو 2سے3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

تاہم پیسر کی کرکٹ میں واپسی کے بارے میں حتمی رائے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی پروگرام شروع کرنے کے بعد ہی دی جاسکے گی۔ محمد حفیظ بائیں ہاتھ میں زخم کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے ہی یو اے ای سے واپس آگئے تھے،ان کے ہاتھ میں لگنے والے 5ٹانکے کھولے جاچکے،زخم خاصی حد تک مندمل اور درد ختم ہوچکا ہے، انھیں پیر سے سپورٹ کے ساتھ بیٹنگ کی بھی اجازت دیدی گئی ہے، تاہم فیلڈنگ میں احتیاط برتنا ہوگی، منگل کو نیٹ پریکٹس کے دوران آل راؤنڈر کا ایک بار پھر معائنہ کرنے کے بعد فٹنس کے حوالے سے حتمی رپورٹ دی جائے گی۔ جنید خان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرتے ہوئے دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے،اسکین کے بعد ان کو بھی بحالی کیلیے آرام تجویز کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ون ڈے سیریز میں شرکت نہ کرسکے۔

ان کی فٹنس کا بھی منگل کو جائزہ لیا جائے گا، پے درپے شکستوں اور انجریز سے کرکٹرز تو نڈھال تھے ہی سلیکٹرز بھی اسی صورتحال سے دوچار نظر آتے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اورمنیجر معین خان نے گھبراہٹ میں کوئی فیصلہ کرنے کے بجائے دبئی میں ہی موجود چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان پیر کے بجائے چند روز کی تاخیر سے کرنے کی درخواست کی تھی جسے حالات کے پیش نظر منظورکرلیا گیا، منیجمنٹ 15سے 18اکتوبر تک شارجہ میں شیڈول اے ٹیم کے 4روزہ پریکٹس میچ میں بھی کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینا چاہتی ہے۔

معین خان کا کہنا ہے کہ انجریز کی وجہ سے اسکواڈ کا اعلان تاخیر سے کرنے پر مجبور ہوئے ہیں،دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میدان میں اتارنے سے قبل نہ صرف زخمی پلیئرز کی فٹنس رپورٹ دیکھیں گے بلکہ آسٹریلیا کیخلاف 4روزہ میچ میں نوجوان کرکٹرز کی فارم کا جائزہ لینے کا بھی موقع ملے گا۔ یاد رہے کہ بدھ سے شروع ہونے والے میچ کیلیے پاکستان اے اسکواڈ میں اسد شفیق (کپتان)، احمد شہزاد، شان مسعود، بابر اعظم، حارث سہیل، اسراراللہ، عدنان اکمل، رضا حسن، کرامت علی، عمران خان، عطا اللہ، راحت علی، احسان عادل، محمد طلحہ شامل ہیں،کسی بھی کرکٹر کی غیر معمولی پرفارمنس ٹیسٹ ٹیم میں جگہ دلاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |