عراق کے دارالحکومت کے داخلی راستے پر سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب خود کش کار بم دھماکے میں رکن پارلیمنٹ سمیت 21 افراد ہلاک اور51 زخمی ہوگئے ہیں
عراقی حکام کے مطابق بغداد کے داخلی راستے پر خازیمیہ کے قریب چیک پوائنٹ پر چیکنگ کا عمل جاری تھا کہ اچانک ایک کار میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں21 افراد ہلاک اور51 زخمی ہوگئے،ہلاک ہونے والوں میں کئی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بدر ملیشیا کے کمانڈر اور عراقی پارلیمنٹ کے رکن احمد الخفاجی بھی شامل ہیں۔
داعش نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا مقصد احمد الخفاجی کوہی ٹارگٹ بنانا تھا اور اس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی خازیمیہ میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں 38 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے تھے۔