KARACHI:
سعودی عرب کے دارالحکومت میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک امریکی شہری ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کنگ فہد اسپورٹس کمپلیکس کے قریب مسلح شخص نے وہاں سے گزرنے والے 2 امریکی شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک امریکی شہری ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جب کہ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز اور مسلح شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونےوالے دونوں شہری امریکی دفاعی کنٹریکٹرکمپنی وینل عریبیہ کے ملازم تھے۔ محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی سفارت خانہ اپنے شہریوں کی سعودی عرب میں سیکورٹی کے حوالے سے جائزہ لے رہا ہے کہ اسے مزید کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں پرحملے کا یہ واقعہ 2003اور 2006 میں پیش آنے واقعات کے بعد پہلا واقعہ ہے۔