بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر مقابلہ اور موثر جواب دیا جائے گا وزیر اعظم

احتجاج اور دھرنوں کی منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر بڑا نقصان پہنچایا ہے, وزیراعظم


APP/Numainda Express October 15, 2014
کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو مؤثر جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم۔ فوٹو: فائل

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے یہاں ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی۔

جس میں پنجاب سے متعلق امور بالخصوص صوبے میں وفاقی سرکاری محکموں کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نواز شریف سے ارکان قومی اسمبلی ساجد مہدی (وہاڑی)، محمد خان ڈاہا (خانیوال) اور چوہدری محمود بشیر ورک (گوجرانوالہ) نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور اپنے حلقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بات کی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی اور عوامی مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقوں سے ہماری حکومت کو ہٹانے کی تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔ جمہوریت کی بقا اور فروغ کیلئے پوری پارلیمنٹ متحد ہے۔

ارکان اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل کے حل کو سب سے زیادہ ترجیح دیں اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ ارکان اسمبلی اور گورنر پنجاب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق ملنا چاہیئے اور مسئلہ کشمیر کو عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائیگا اورکنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو مؤثر جواب دیا جائے گا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کی منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر بڑا نقصان پہنچایا ہے۔

غیرملکی سربراہوں کے دورے بھی دھرنے کرنے والوں کی غیر سیاسی سوچ کی نذر ہوگئے جس سے ملک کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا۔ ملک میں جب بھی مسلم لیگ کی حکومت کے دوران سیاسی معاشی استحکام شروع ہوتا ہے تو اس کے خلاف سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ سفید چھڑی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ بصارت سے معذور افراد کی دیکھ بھال اور انہیں روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلیے سہولتوں اور مواقع فراہم کرنا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔