ہانگ کانگ میں پولیس اورمظاہرین میں تصادم درجنوں افراد گرفتار

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ڈنڈوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ مرچ کا اسپرے بھی کیا


ویب ڈیسک October 15, 2014
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ چینی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف کر کے مکمل طور پر آزادانہ انتخابات کرائے جائیں. فوٹو؛ اے ایف پی

پولیس اور جمہوریت کے حامی طلبا اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے دوران سیکیورٹی فورسز نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ پولیس اور جمہوریت پسند مظاہرین کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو حکومتی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے زیر زمین گزر گاہ کو خالی کرانے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ڈنڈوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ مرچ کا اسپرے بھی کیا جب کہ اس دوران درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک پر مظاہرین کی وجہ سے ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا ہے، مسائل کو حل کرنے کے لئے سڑک کو خالی کرانا ضرروی ہے، 8 خواتین سمیت 45 افراد کوغیر قانونی طور پر اکٹھا ہونے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والا کوئی بھی فرد زخمی نہیں ہوا لیکن مظاہرین کے تشدد کی وجہ سے 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں طلبہ اور جمہوریت نواز گروپ اکیوپائی سنٹرل پر مشتمل مظاہرین نے گزشتہ 2 ہفتوں سے ہانگ کانگ میں کئی علاقوں کو پر قبضہ کر رکھا ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ چینی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف کر کے مکمل طور پر آزادانہ انتخابات کرائے جائیں اور عوامی نمائندوں کے انتخباب کا حق مقامی افراد کو دیا جائے جبکہ ہانگ کانگ کی حکومت مکمل طور پر چین کا کنٹرول ہے اور چینی حکام کا موقف ہے کہ ہانگ کانگ کے شہری ووٹ کا استعمال تو کر سکتے ہیں لیکن امیدوار چین ہی طے کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔