دو ماہ بعد شاہراہ دستور سے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے

پاک سیکرٹریٹ،پی ٹی وی چوک،ریڈیو چوک،سرینا چوک سے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے تاہم دھرنے کے قریب کنٹینرز بدستورموجود ہیں۔

عوامی تحریک کے کارکنوں نے شاہراہ دستور پر چوکی قائم کر کے ہر آنے جانے والے کی تلاشی لینا شروع کردی۔ فوٹو؛فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر شاہراہ دستور سے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے تاہم عوامی تحریک کے کارکنوں نے شاہراہ دستور پر اپنا ہی دستور نافذ کردیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کے باعث حکومت نے اسلام آباد اور ریڈ زون کی حفاظت کے پیش نظر 80 سے زائد مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیے تھے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا تاہم وزیرداخلہ کی ہدایت پرآج انتظامیہ نے پاک سیکرٹریٹ ،پی ٹی وی چوک،ریڈیو چوک،سرینا چوک،ایوب چوک اوردیگرعلاقوں سے کنٹینرز ہٹا دیے لیکن دھرنے کے شرکا کی سیکیورٹی کے لئے لگائے گئے کنٹینرز بدستور موجود ہیں۔
دوسری جانب عوامی تحریک کے کارکنوں نے شاہراہ دستور پر اپنی چوکی قائم کر رکھی ہے اور ہر آنے جانے والے شخص کی تلاشی لی جارہی ہے، کارکنوں نے آج وہاں سے گزرنے والے تھانہ سہالہ کے انسپکٹر اصغرعلی کی گاڑی کو روکا اور شناخت کرائے جانے پر کارکنوں نے ان سے سرکاری پستول لے لیا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ وہ سپریم کورٹ کی جانب جا رہاہے لیکن کارکنوں نے اس کا مؤقف سننے سے انکار کر دیا اوراسے سپریم کورٹ کے باہر چوکی سے اپنا پستول لینے کا کہہ کربھجوا دیا۔


عوامی تحریک کے رہنما رحیق عباسی نے کارکنوں کی جانب سے قائم کردہ غیر قانونی چیک پوسٹ کے حوالے سے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب مارچ میں دہشتگردی کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر اپنی مدد آپ کے تحت سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

Load Next Story