صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 20 اکتوبر طلب کر لیا
صدرمملکت ممنون حسین نے 20 اکتوبر کی شام 4 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں پاک بھارت سرحدی کشیدگی اور دیگر ملکی امور پر بحث ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے آئین کے آرٹیکل 54 (1) کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس 20 اکتوبر بروز پیر شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں معمول کی کارروائی کے علاوہ پاک بھارت سرحدی کشیدگی سمیت دیگر اہم ملکی امور پر بحث کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے منتخب ایوان کو ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ سے اشتعال انگیزی جاری ہے اور پاک فوج بھی اس کا موثر جواب دے رہی ہے۔