زہرہ شاہد قتل کیس کے چشم دید گواہ کا ملزمان کی شناخت کیلئے عدالت میں پیش ہونے سے انکار

گواہ کے انکار کے باعث اب ملزمان کے خلاف غلام رسول کی گواہی پر ہی اکتفا کیا جائے گا، کراچی پولیس

زہرہ شاہد کو گزشتہ برس مئی میں ان کے گھر کے قریب ہی قتل کیا گیا تھا فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کے ایک چشم دید گواہ نے ملزمان کی شناخت کے لئے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے زہرہ شاہد قتل کیس میں ارباب اور غلام رسول نامی دو افراد کو عینی شاہدین کی فہرست میں شامل کیا تھا، دو روز قبل گواہ غلام رسول نے راشد عرف ماسٹر اور زاہد عباس زیدی نامی دو ملزمان کو شناخت کرلیا تھا، جس کے بعد دوسرے گواہ ارباب کی جانب سے ملزمان کو شناخت کیا جانا تھا تاہم اس نے شناخت کے لئےعدالت آنے سے انکار کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گواہ کے انکار کے باعث شناختی پریڈ کے لئے ملزمان کو بھی نہیں لایا گیا اس لئے اب پولیس غلام رسول کی گواہی پر ہی اکتفا کرے گی۔

واضح رہے کہ زہرہ شاہد کو گزشتہ برس مئی میں ان کے گھر کے قریب ہی قتل کیا گیا تھا تاہم پولیس نے گزشتہ ماہ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
Load Next Story