سعید اجمل کی عدم موجودگی سے ٹیم میں بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے وقاریونس

ایک روزہ سیریز میں شکست کے باوجود کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلا ف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارگردگی کا مظاہرہ کرے گی،ہیڈ کوچ


تجربہ کار یونس خان اور اظہرعلی کی شمولیت سے امید ہے کہ ٹیم اچھے نتائج د ےگی۔ وقار یونس۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک روزہ سیریز میں شکست کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلا ف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارگردگی کا مظاہرہ کرے گی جب کہ سعید اجمل کی عدم موجودگی سے ٹیم میں بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے

متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی خبرایجسی سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ایک مختلف فارمٹ والا کھیل ہے انہیں امید ہے کہ اس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم بہتر کارگردگی کا مظاہرہ کرے گی،امید ہے کہ تجربہ کار یونس خان اور اظہرعلی کی شمولیت سے ٹیم اچھے نتائج دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے شک آسٹریلیا کی ٹیم اس وقت دنیا کی نمر ون سائڈ ہے اور اسے ہرانا آسان نہیں تاہم پاکستان ٹیسٹ میچز میں ایک نئے جذبے کے ساتھ کھیلے گا کیونکہ اس وقت ہمارا مقصد سیریز جیتنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کے بغیر ٹیم کا آگے بڑھنا سخت محنت طلب کام ہے،ان کی عدم موجودگی سے ٹیم میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے اور خاص طور پر جب آپ سلو اور خشک وکٹ پر میچ کھیل رہے ہوں تو اجمل کی کمی زیادہ محسوس ہوتی ہےلیکن انہیں یقین ہے کہ نوجوان اسپنرز اچھے نتائج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کی ایک روزہ میچز میں کارگردگی سے کچھ مایوس کن رہی تاہم وہ نوجوانوں کی پرفارمنس سے خوش ہیں اور ٹیم ایک بہتر سائڈ بنتی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 22 اکتوبر سے شارجہ میں ہو رہا ہے، پاکستان نے آخری بار 1994 میں ہوم سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف 0-1 سے فتح حاصل کی تھی اس کے بعد سے پاکستان اب تک آسٹریلیا کے خلاف 13 ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرچکا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم فتح کی تلاش میں ٹیسٹ سیریز کا آغاز کرے گی اب دیکھنا یہ ہے کہ قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہوتی ہے یا ایک بار شکست ان کا مقدرٹھہرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔