جوہر جونیئر ہاکی قومی ہاکی ٹیم ناکامیوں سے دامن نہیں چھڑا سکی

بھارت کے ہاتھوں بھی 0-6 سے شکست، انگلینڈ اور آسٹریلیا فتحیاب ،گرین شرٹس آج نیوزی لینڈ کے مقابل آئینگے


Sports Reporter October 16, 2014
بھارت کے ہاتھوں بھی 0-6 سے شکست، انگلینڈ اور آسٹریلیا فتحیاب ،گرین شرٹس آج نیوزی لینڈ کے مقابل آئینگے۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم ناکامیوں سے دامن نہیں چھڑاسکی، روایتی حریف بھارت نے 6 گول سے شکست دے دی، مقابلے میں گرین شرٹس ایک لمحے پر بھی حریف سائیڈ کے دباؤ سے نہ نکل پائے، دیگر میچوں میں انگلینڈ نے ملائیشیا اور آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں جاری سلطان جوہر ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم پر نحوست کے گہرے سائے بدستور چھائے ہوئے ہیں اور اب تک کے 3 مقابلوں میں اسے کسی میں بھی کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ بدھ کو روایتی حریف بھارت نے یکطرفہ میچ میں 6 گول سے آؤٹ کلاس کردیا۔

تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے20 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تاہم 21ویں منٹ میں عمران نے پاکستانی دفاعی لائن میں واضح شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا، اس سے قبل کہ گرین شرٹس مقابلہ برابر کرتی، پہلا ہاف ختم ہونے سے ایک منٹ پہلے پرویندر سنگھ نے بھارتی ٹیم کی برتری دوگنا کر دی۔

پہلے کی نسبت دوسرے ہاف میں بھارتی کھلاڑی مزید خطرناک موڈ میں نظر آئے اورانھوں نے پاکستانی ٹیم کو تمام شعبوں میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 4مزید گول کر کے فتح اپنے نام کی۔ 49 ویں منٹ میں ارمان قریشی نے بھارتی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کیا، صرف 4 منٹ میں ہرمن پریت سنگھ نے گیند کو جال میں پھینک کر اسکور4-0کر دیا۔ 67 ویں منٹ میں ویرن کمار نے اپنی ٹیم کی طرف سے پانچواں گول کیا۔کھیل کے آخری منٹ میں ارمان قریشی انفرادی طور پر دوسرا اور مجموعی طور پر چھٹا گول کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کے اختتام کے بعد بھارتی کوچ ہیریندرا سنگھ کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کر کے پاکستانی ٹیم کے خلاف فتح حاصل کی تاہم میری رائے میں کچھ شعبوں میں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، اس سے قبل ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 2کے مقابلے میں3 گول سے زیر کیا۔دن کے تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، ٹورنامنٹ میں جمعرات کو مزید3 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں