حکمرانوں نے متاثرین سیلاب کو جعلی چیک دیے فراڈ کا مقدمہ درج کیا جائے طاہر القادری

مالی امداد کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا گیا، متاثرین کی بد دعائیں حکمرانوں کو تباہ کردیں گی، سربراہ عوامی تحریک


Online/Numaindgan Express October 16, 2014
الیکشن میں دوتہائی اکثریت مل گئی تو مصطفوی انقلاب برپا کرکے غریبوں کو مکمل تحفظ دینگے، اٹھارہ ہزاری میں خطاب۔ فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے سیلاب میں لٹے پٹے عوام کو بھی نہیں بخشا، مالی امداد کا وعدہ کرکے ان کے ساتھ دھوکہ کیا، ان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کرکے انھیں جیل بھیجنا چاہیئے۔

اٹھارہ ہزاری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک ملک میں ہر سطح پر انتخابات میں حصہ لے کر ایسا نظام لائے گی جس میں ہر شہری کو تمام حقوق اور سہولیات میسر ہوں گی۔ طاہرالقادری نے بعض سیلاب متاثرین کو مالی امداد کے ووچر دیئے جانے کے باوجود انہیں ادائیگیاں نہ ہونے پر ووچرز کی کاپیاں لہراتے ہوئے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکمرانوں نے سیکڑوں ہزاروں لوگوں کو ایسے جعلی چیک دیے جنہیں پے منٹ نہیں ہوئی، متاثرین کی بددعائیں حکمرانوں کو تباہ کردیں گی، حکمرانوں کے خلاف دفعہ 420کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ عوام ہمیں الیکشن میں دو تہائی اکثریت دیں، ہم ملک میں مصطفوی انقلاب برپا کرکے غریب لوگوں کو مکمل تحفظ اور ہر قسم کی سہولتیں دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں