سماجی کارکن ہوں میرا پولیس یا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں گلو بٹ

مجھے ایسی شہرت نہیں چاہیئے جس سے ملک کی بدنامی ہو، گلو بٹ


ویب ڈیسک October 16, 2014
انٹرویو کے لئے نیوز چینل سے کسی بھی قسم کی کوئی رقم نہیں لی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ نے کہا ہے کہ وہ سماجی کارکن ہے اس کا پولیس ، وزیر اعظم نواز شریف یا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں۔

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے ایوب مارتھ کی عدالت میں گلو بٹ کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت میں تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران تین سرکاری گواہان شاہین،دلدار اور اللہ دتہ کے بیانات پر جرح کی گئی، اس دوران گلو بٹ کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل اپنے اوپر عائد تمام الزامات کی تردید کرتا ہے، اس کے خلاف درج مقدمے میں عائد کی گئیں تمام دفعات قابل ضمانت ہیں جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق اس مقدمے پر قابل نفاذ نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گلو بٹ نے کہا کہ وہ فلاح عامہ کے لئے کام کرتے ہیں، ان کا پولیس ، وزیر اعظم نواز شریف یا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں۔ اس مقدمے کی وجہ سے وہ شدید ذہنی انتشار کا شکار ہیں اس لئے مستقبل میں سیاست میں قدم رکھنے کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ اس دنیا میں ہر شخص کو مرنا ہے ایک دن وہ بھی اس دار فانی سے کوچ کرجائیں گے لیکن ان کے نام کی وجہ سے دنیا میں ''گلو کریسی'' کی جو اصطلاح نے آج جنم لیا ہے وہ کبھی ختم نہیں ہوگی، انہیں ایسی شہرت نہیں چاہیئے جس سے ان کے ملک کی بدنامی ہو۔ انہیں پیسوں کی کوئی ضرورت نہیں، اب تک انہوں نے مختلف نیوز چینل کو انٹرویو دیئے ہیں اور ان سے کسی بھی قسم کی کوئی رقم نہیں لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں