بھارتی فلم انڈسٹری کی ڈریم گرل ہیما مالنی 66 برس کی ہوگئیں

ہیما مالنی نے جونی میرانام، سیتا اور گیتا، کرانتی، نصیب، ستے پہ ستہ، اندھا قانون اور باغبان میں اداکاری کے جوہر دکھائے


ویب ڈیسک October 16, 2014
ہیمامالنی 1980میں اداکار دھرمیندر کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں فوٹو: فائل

بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈریم گرل کے نام سے مشہور معروف اداکارہ ہیما مالنی 66 برس کی ہوگئیں۔

1948 کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر امنکندی میں پیدا ہونے والی ہیما مالنی نے ابتدائی تعلیم چنئی کے ایک اسکول سے حاصل کی لیکن حصول علم سے رغبت نہ ہونے کی وجہ سے وہ فلم نگری کی جانب ہوئی اور 17 برس کی عمر میں تمل فلم کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا، ان کی پہلی ہندی فلم ''سپنوں کا سوداگر'' تھی جو 1968 میں ریلیز ہوئی ۔ اپنے دلفریب حسن اور جاندار اداکاری کے علاوہ ہیمامالنی کو کلاسیکل رقص میں بھی مکمل مہارت حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے وقت کے ہر اداکار کے ساتھ کام کیا لیکن راجیش کھنہ اور دھرمیندر کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب ہوئی، 1980 میں وہ اداکار دھرمیندر کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں۔ ہیمالنی نے 40 سالہ کیرئیر میں 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی یادگار فلموں میں جونی میرانام، انداز ، لال پتھر، سیتا اور گیتا، سنیاسی، دھرماتما، شعلے، ڈریم گرل، کرانتی، نصیب، ستے پہ ستہ، رضیہ سلطان، اندھا قانون، باغبان اور ویر زارا شامل ہیں۔

ہیمامالنی نے اپنی فلمی کیریئر میں کئی ایورڈز حاصل کئے، انہیں بھارتی حکومت کی طرف سے ''پدم شری'' جبکہ 2012 میں انہیں بھارتی یونیورسٹی کی جانب سے '' ڈاکٹریٹ '' کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا، اداکارہ، ہدایت کارہ اور فلمساز کے علاوہ ہیمامالنی ایک سیاستدان بھی ہیں، وہ 2003 سے 2009 کے درمیان بھارتی ایوان بالا ''راجیہ سبھا''کی رکن رہ چکی ہیں، انہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں ایوان زیریں ''لوک سبھا'' کی نشست بھی جیتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں