پولیو عالمی برادری پاکستان پر مزید پابندیاں نہ لگائے صدر ممنون

پولیو کے پھیلاؤ کا ذمے دار پاکستان نہیں وہ عناصر ہیں جنھوں نے اداروں کا اعتماد تباہ کیا، صدر ممنون حسین


INP/APP October 17, 2014
عوام نے ملک کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے جو عظیم قربانی دی، پوری قوم اسے ہمیشہ یاد رکھے گی، ممنون حسین۔ فوٹو: فائل

BAHAWALPUR: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پولیو کے پھیلاؤ کا ذمے دار پاکستان نہیں، وہ عناصر ہیں جنھوں نے اداروں کا اعتماد تباہ کیا، عالمی برادری پولیو کے سلسلے میں پاکستان پر مزید پابندیاں عائد کرنے سے گریزکرے۔

فاٹا کی صورت حال پر بریفنگ سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے فاٹا کے علاقوں کو پولیو سے پاک کرنا بہت ضروری ہے، اب فاٹا کے عوام بھی اس بات کو سمجھتے ہیں اور وہ پولیو ویکسی نیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالتے تاہم صدر نے انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کی، حکومت ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور ملک بھر میں جہاں بھی پولیو مہم روکنے کی کوئی کوشش کی جاتی ہے تو ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے، انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے ملک کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے جو عظیم قربانی دی، پوری قوم اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔

دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی وجہ سے اپنے گھر چھوڑنے والے متاثرین فاٹا کی جلد اور محفوظ واپسی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں جلد دور کی جائیں، آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کی مشکلات دور کرنے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، فاٹا میں اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیر میں خود حصہ لوں گا، جب بھی ضرورت پڑی فاٹا جانے کو تیار ہوں، افغانستان میں قیادت کی تبدیلی باہمی اعتماد سازی کیلیے مفید ہو سکتی ہے، صدر نے ہدایت کی کہ فاٹا کیلیے جب بھی فنڈز کی ضرورت ہو، بلاتاخیر جاری کیے جائیں، آئی ڈی پیز کی اپنے گھروں میں آبادکاری تکنیکی تیاریوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہونی چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں