کراچی سینٹرل جیل پر حملے کے منصوبے میں ملوث مزید 10 دہشت گرفتار

دہشتگردوں کی جانب سے جیل میں خود کش حملے کرکے 122 ساتھیوں کو چھڑانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا


ویب ڈیسک October 17, 2014
قبضے سے جیل کا نقشہ، اہم دستاویزات، اسلحہ، لیپ ٹاپ اور خود کش جیکٹ سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، فوٹو:فائل

GILGIT:

رینجرز نے سینٹرل جیل پر حملے کے منصوبے میں ملوث مزید 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے جیل کا نقشہ اور اہم دستاویزات سمیت اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے گزشتہ دنوں غوثیہ کالونی سے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی نشاندہی پر کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، لیموں گوٹھ، نیو کراچی اور صفورا گوٹھ میں کارروائی کی جہاں سے سینٹرل جیل پر حملے کے لیے سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے جیل کا نقشہ، اہم دستاویزات، اسلحہ، لیپ ٹاپ اور خود کش جیکٹ سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔


رینجرز ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ انہیں 8 محرم کو جیل کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ کرنا تھا اور عاشورہ کی رات سرنگ سے جیل کے کنویں میں داخل ہونا تھا جہاں وہ سینٹرل جیل میں خود کش حملے کرتے اور جیل میں موجود اپنے 122 ساتھیوں کو فرار کراتے۔


دہشت گردوں کی جانب سے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 25 اور 26 میں موجود قیدیوں کو چھڑانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنایا، ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے کارروائی غوثیہ کالونی کے رہائشیوں کی مدد سے کی گئی جہاں ایک ضعیف خاتون نے دہشت گردوں کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دی تھی۔


دہشت گردی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد جیل انتظامیہ نے سینٹرل جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی ہے اور جیل کے اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کے کوائف بھی جمع کرنا شروع کردیئے گئے ہیں۔


واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ دنوں غوثیہ کالونی میں کارروائی کرکے سینٹرل جیل پر حملے کا منصوبہ ناکام بنایا تھا جہاں ایک مکان سے سرنگ برآمد کی گئی تھی اور دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جبکہ رینجرز کے مطابق دہشت گرد سرنگ کے ذریعے سینٹرل جیل تک پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔