افتخارچوہدری رمدے اور نجم سیٹھی کو ہمارے حوالے کردیں 2 کروڑ ووٹ لے کر دکھاؤں گا شیخ رشید

توانائی منصوبوں میں خواجہ آصف نے اربوں کی کرپشن کی جس پرنوازشریف کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں، سربراہ عوامی مسلم لیگ


ویب ڈیسک October 17, 2014
آصف زرداری اور نوازشریف ایک سکے کے دو رخ اورایک دوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں،شیخ رشید، فوٹو:فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کہتے ہیں ہم نے الیکشن میں ڈیڑھ کروڑ ووٹ لیے جس پر نوازشریف سے کہتا ہوں کہ افتخار چوہدری، خلیل رمدے اور نجم سیٹھی کو ہمارے حوالے کردیں دو کروڑ ووٹ لے کر دکھاؤں گا۔

سرگودھا میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے ہمارے ساتھ دھوکا ہوتا آرہا ہے،پٹواریوں سے ہماری تذلیل کرائی جارہی ہے لیکن اب عوام سےکہتا ہوں کہ وہ نکلیں اور نواز حکومت کا بوریا بستر گول کردیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جی ایچ کیو کی پیداوار ہیں ان کے لیے عمران خان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ وہ جان دے دیں گے لیکن وزیراعظم کا استعفیٰ لے کر ہی جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 6 سال پہلے کہا تھا کہ آصف زرداری اور نوازشریف ایک سکے کے دو رخ ہیں دونوں ایک دوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں، ملک میں کبھی زرداری کبھی نواز اور کبھی مداری آرہے ہیں، معیشت تباہ ہوچکی ہے اور بجلی کےنام پر ڈاکا ڈالا جارہاہے، توانائی منصوبوں میں خواجہ آصف نے اربوں کی کرپشن کی جس پر نوازشریف کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج دھرنے کی وجہ سے (ن) لیگ کی صوبے اور مرکزی حکومت میں پھوٹ پڑ چکی ہے، نوازاور شہباز شریف ایک لائن پر نہیں ہیں جبکہ آصف زرداری عمران خان کو بلبلا کہا لیکن وہ خود سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے تھے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قیادت روز روز پیدا نہیں ہوتی اور تحریکیں روز نہیں چلتیں، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان نوازشریف کے استعفے کے بغیر چلے جائیں گے وہ عقل کے اندھے ہیں، محرم کے بعد عمران خان سارے ملک میں دھرنے، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی بدنصیبی ہے کہ دین مولانا فضل الرحمان جیسے لوگوں کے ہاتھ آگیا وہ نام اسلام کا لیتے ہیں اور نظریں اسلام آباد کی طرف رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں