نوازشریف حکومت پاکستان میں اور سرمایہ کاری برطانیہ میں کرتے ہیں عمران خان

پچھلے 5 سال میں مک مکا کی سیاست کا نتیجہ ملتان میں نظر آچکا جہاں پیپلزپارٹی کی ضمانت ضبط ہوئی، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک October 17, 2014
نوازشریف کا سارا خاندان پیسہ بنانے میں لگا ہوا ہے رائے ونڈ سے فیصلے کے بغیر ایک تھانے دار تک نہیں لگایا جاسکتا، عمران خان، فوٹو:فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ملکی تاریخ کی سب سےبڑی دھاندلی ہوئی جس کے خلاف دھرنے شروع کیے لہٰذا اب قوم تیار ہوجائے اگلا سال انتخابات کا ہے جبکہ ہم جانتے ہیں نوازشریف کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ کس طرح ملے اگر انہوں نے اتنے ووٹ لیے تو مینار پاکستان پر جلسہ کرکے دکھائیں۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سرگودھا کے نوجوان بچے، بزرگ اور خواتین جس طرح باہر نکلے ہیں اس پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ قوم جاگ چکی ہے کیونکہ شعور رکھنے والی قوم ہی اپنے آپ کو آزاد کراسکتی ہے،جو قوم اپنے حقوق کے لیے کھڑی نہیں ہوتی انہیں حکمران بھیڑ بکریوں کی طرح رکھتے ہیں، 65 دنوں سے اس لیے کنٹینر پر موجود ہوں کہ قوم کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ نوازشریف کا استعفیٰ لیے بغیر دھرنا ختم نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے 30 ہزار کا بل نہ دینے پر میرے گھر کی بجلی کاٹی گئی لیکن اتفاق فاؤنڈری پر 5 کروڑ روپے بجلی کا بل ہے جبکہ وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر اور پارلیمنٹ ہاؤس پربھی کروڑوں روپے واجب الادا ہیں لیکن وہاں کی بجلی کیوں نہیں کاٹی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کیا جس کے خلاف بل جلایا ، حکومت نے سرکلرڈیٹ کے خاتمے اور لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے قرض لیا، عوام کے ٹیکس کا پیسہ بہایا گیا جس کا کوئی حساب کتاب نہیں لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوا اور قرض میں اضافہ ہوا جس پرقوم کا حق ہے کہ وہ حکومت سے پوچھے ان کا پیسہ کہاں گیا۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور لوگ بجلی کا بل نہیں دیتے، اگر میں وزیراعظم ہوتا تو بجلی کا بل ادا نہ کرنے پر میری بجلی نہیں کاٹی جاتی اس لیے عوام سمجھ لیں ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہیں اور ہماری جنگ اسی نظام کے خلاف ہے اگر عوام انصاف اور حقوق کے لیے کھڑے نہ ہوئے تو حکمران انہیں اسی طرح لوٹتے رہیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ آج اللہ نے ہمیں اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے یہ ہمارے پاس سنہری موقع ہے جس میں ہم نیا پاکستان بنا سکتے ہیں جس کا خواب قائد اعظم نے دیکھا تھا لیکن پاکستان چند خاندانوں کا ملک بن کر رہ گیا ہے تمام پالیسیاں طاقتور لوگوں کے لیے ہیں، ملک میں کوئی پوچھنے والا نہیں، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے کارکن مجھے جواب دیں کہ اگر ان کو اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر ہے تو وہ آصف زرداری اورنوازشریف سے پوچھیں وہ دونوں پاکستان میں حکومت کرتے ہیں لیکن اپنے اربوں روپے بیرون ملک میں کیوں رکھتے ہیں،جب تک عوام حکمرانوں کو جواب دہ نہیں کریں گے یہ ظلم چلتا رہے گا، عوام آصف زرداری سے پوچھیں بلاول ہاؤس بنانے کے لیے پیسہ کہاں سے آتا ہے، آصف زرداری قوم کو بھی یہ راز بتائیں کہ کام کیے بغیر پیسہ کس طرح بنتا ہے، (ن) لیگ کے کارکن بھی نوازشریف سے پوچھیں کہ اتنے اثاثے کہاں سے آئے، یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے جہاں ان حکمرانوں سے کوئی کچھ بھی نہیں پوچھ سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف حکومت پاکستان میں اور سرمایہ کاری برطانیہ میں کرتے ہیں، دوسرے لوگوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا کہا جاتا ہے لیکن نوازشریف سن لیں ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا کیونکہ سب کو پتا ہے کہ خود نوازشریف اور آصف زرداری کا پیسہ پاکستان میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں مک مکا کی سیاست کا نتیجہ ملتان میں نظر آچکا ہے جہاں پیپلزپارٹی کی ضمانت ضبط ہوئی، ملتان میں جو ہوا وہ نوازشریف اور زرداری کے لیے بہت بڑا سبق ہے، یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ لوگ سوئے ہوئے ہیں ہم نورا کشتی کرتے رہیں گے لیکن ملتان کے لوگوں نے دونوں جماعتوں کو سبق دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بات یہاں تک نہیں رہے گی 21 نومبر کو لاڑکانہ اور اگلے جمعہ کو گجرات میں جلسہ کریں گے، سندھ کے لوگ مک مکا کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، پیپلزپارٹی کتنی بار بھٹو کا نام استعمال کرے گی لوگ اب سب سمجھ چکے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کریں گے جن لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ان سب کو آرٹیکل 6 کے تحت سزائیں دلوائیں گے، افتخار چوہدری اور نجم سیٹھی سمیت سب کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے کیونکہ جب تک دھاندلی میں ملوث لوگوں کا احتساب نہیں ہوگا شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو جمہوریت لکھنا بھی نہیں آیا، دنیا میں شفاف الیکشن کے ذریعے جمہوریت آتی ہے لیکن یہاں جیتنے اور ہارنے والے سب دھاندلی کا کہہ رہے ہیں، آصف زرداری نے بھی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا لیکن انہوں نے تحقیقات کا مطالبہ نہیں کیا کیونکہ (ن) لیگ نے جس طرح پنجاب میں دھاندلی کی اس طرح پیپلزپارٹی نے سندھ میں دھاندلی کی لیکن اب اگلے الیکشن میں دونوں جماعتوں کا برا حال نظر آرہا ہے کیونکہ اب صرف تحریک انصاف ہوگی ، ہم ملک میں یکساں نظام تعلیم لائیں گے، کمزوروں اور طاقتور کے لیے ایک قانون بناکر دکھائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کے بجائے ہنر سکھائیں گے اور ایک ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جو عوام کو آزادی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک ایسا آزاد ملک بنائیں گے جہاں غربت کا خاتمہ ہوگا ہم نہ بھیک مانگیں گے اور نہ ہی امریکا سے امداد لیں گے کیونکہ بھیک مانگنے والی قوم کی کوئی عزت نہیں کرتا جو قومیں خوددار ہوتی ہیں ان کی عزت کی جاتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواشریف نے کہا کہ پہلے نیا خیبرپختونخوا بناؤ ، ہم نیا خیبرپختونخوا بنا رہے ہیں لیکن (ن) لیگ نے پنجاب میں 6 مرتبہ باریاں لیں جس پر انہیں چینلج کرتا ہوں کہ ہم نے جو خیبرپختونخوا میں کیا وہ انہوں نے پنجاب میں نہیں کیا جس پر نوازشریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ دونوں صوبوں میں الیکشن کرائیں سب سامنے آجائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ میرا کوئی رشتے دار کسی عہدے پر نہیں اور نہ ہی میں نے فیکٹریاں بنائیں مگر نوازشریف کا سارا خاندان پیسہ بنانے میں لگا ہوا ہے رائے ونڈ سے فیصلے کے بغیر ایک تھانے دار تک نہیں لگایا جاسکتا، نوازشریف نے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں، ہم خیبرپختونخوا میں احتساب سیل بنا رہے ہیں جو وزیراعلیٰ کا بھی احتساب کرے گا کیونکہ ہمارا احتساب آزاد ہوگا، نیب کی طرح غلام نہیں جو خورشید شاہ اور آصف زرداری سمیت کسی کااحتساب نہ کرسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں