ایم اے جناح روڈ 18 دکانوں کے تالے توڑ کر نقدی اور کپڑا لوٹ لیا گیا

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ملزمان 18 دکانوں کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کا قیمتی کپڑا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔


Staff Reporter October 18, 2014
دکانوں سے لوٹے جانے والی رقم کی مالیت لاکھوں روپوں میں ہے، دکاندار۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

آرام باغ تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ جامع کلاتھ مارکیٹ سے متصل دہلی کلاتھ مارکیٹ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان داخل ہوئے اور 18 دکانوں کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کا قیمتی کپڑا اور نقدی لوٹ کر ملزمان فرار ہوگئے۔

ملزمان نے مارکیٹ کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا،ملزمان کے فرار ہونے کے بعد چوکیدار نے ایک دکاندار کو واردات کی اطلاع دی جس پر وقفے وقفے سے دہلی کپڑا مارکیٹ کے تمام دکاندار موقع پر پہنچ گئے، مارکیٹ ایسوسی ایشن نے تمام دکانداروں سے مشورے کے بعد ایم اے جناح روڈ خالق دینا ہال کے سامنے احتجاج شروع کر دیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ واردات میں پولیس ملوث ہے، جمعرات کی شب سے ایم اے جناح روڈ پر پیپلز پارٹی کے جلسے کی وجہ سے پولیس تعینات تھی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آرام باغ تھانے کی ایک پولیس موبائل عین خالق دینا ہال کے سامنے پوری رات کھڑی رہی پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ملزمان پولیس قریب واقع مارکیٹ کی18دکانوں کے تالے توڑ کر سامان لے گئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ آرام باغ کے برنس روڈ کی دکانوں میں بھی ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ پولیس صرف مبینہ طور پر رشوت خوری اور مفت کا کھانا جمع کرنے میں لگی رہتی ہے۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او منہاج الحسن کا کہنا ہے کہ دکانوں میں نقب زنی کی واردات ضرور ہوئی ہے تاہم دکانوں میں موجود صرف نقدی ہی چوری کی ہے ، انھوں نے بتایا کہ دکان میں موجود تمام سامان ترتیب سے رکھا ہوا ہے، انھوں نے بتایا کہ دکانداروں سے کہا ہے کہ وہ ہونے و الے نقصانات کی تفصیل کے ساتھ اپنا بیان ریکارڈ کروائیں جس کے بعد اس کی مزید تفتیش کی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ دکانوں میں رات کو زیادہ کیش نہیں ہوتا تاہم نقب زنی کی واردات میں کتنی مالیت کا نقصان ہوا ہے اس کا بعد میں ہی بتایا جاسکتا ہے، دکانداروں نے دعویٰ کیا ہے دکانوں سے لوٹے جانے والی رقم کی مالیت لاکھوں روپوں میں ہے جبکہ قیمتی کپڑا بھاری مالیت کا ہے جس کا تخمیہ بعد میں بتایا جائے گا پولیس نے دکانداروں کو چوری کی گئی رقم کی تفصیلات کے ساتھ تھانے میں طلب کرلیا ہے ، بیانات قلمبند کر کے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں