مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کے لئے نا گزیر ہے آرمی چیف

مسئلہ کشمیر وہاں کی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، جنرل راحیل شریف

پاک فوج بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، آرمی چیف۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD:
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل کے پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، پاک فوج ملکی اتحاد کی علامت ہے اور ہم ہر قسم کی آفت اور مشکل گھڑی میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے، آپریشن ضرب عضب ایک نظریہ بن چکا ہے، ہم نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور ہم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ ہم پر امید ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں اپنا گھر بار چھوڑنے والے جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے۔


جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے حل کے سا تھ منسلک ہے، مسئلہ کشمیر کو وہاں کی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، پاک فوج اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پاک فوج ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ہم نے وطن عزیز کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس مقصد کے لئے ہم اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

آرمی چیف نے فوج میں شامل ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے کہ نئے نواجون دنیا بھر میں پاک فوج کا نام بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور پاک فوج کے مقاصد کو آگے بڑھائیں گے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1200 کیڈٹس نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی جن میں سے 45 کا تعلق دوست ممالک سے ہے۔
Load Next Story