منفرد افسانہ نگار کی زندگی پر مبنی فلم ’’میں منٹو ‘‘ تکمیل کے مراحل میں داخل

اداکاروں میں ماہرہ خان ، ثانیہ سعید، سویرا ندیم ، فیصل قریشی، شمعون عباسی، ہمایوں سعید اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں


Javed Yousuf October 19, 2014
فلم میں غالب، شیو کمار بٹالوی اور مجید امجد کی شاعری بھی شامل کی گئی ہے، فوٹو: فائل

KARACHI: ہدایتکار و اداکار سرمد کھوسٹ معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو پر فلم ''میں منٹو'' بنا رہے ہیں جس میں مرکزی کردار وہ خود ادا کر رہے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ صبا قمر نظر آئیں گی۔

سرمد کھوسٹ نے فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکول کے زمانے سے ہی منٹو سے متاثر تھے تاہم مطالعے کے رحجان کے خاتمے کے پیش نظر نئی نسل منٹو کے بارے میں کچھ زیادہ نہیں جانتی ۔ اس لئے موجودہ نسل کو منٹو کے بارے میں بتانے کے لئے انہوں نے فلم '' میں منٹو'' بنانے کا فیصلہ کیا جس میں ان کے آخری 5 برسوں میں درپیش ہونے والی مشکلات اور اس عرصے میں منظر عام پر آنے والی شاہکار تحریروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

فلم کا اسکرپٹ شاہد محمود ندیم نے لکھا ہے جب کہ اداکاروں میں ماہرہ خان ، نمرہ بچا، ثانیہ سعید، نادیہ افگن ، سویرا ندیم ، یاسرہ رضوی ، حنا بیات ، فیصل قریشی، شمعون عباسی، ہمایوں سعید، عرفان کھوسٹ ، اکبر سبحانی ، علی شیخ اور عدنان جعفر شامل ہیں اس کے علاوہ کلاسیکل ڈانسر سوہائے ابڑو بھی اہم کردار میں جلوہ گر ہوں گی ۔فلم ''منٹو'' میں گلوکارہ میشا شفیع ، زیب ، جاوید بشیر اور علی سیٹھی نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کے لیے مرزا غالب ، شیو کمار بٹالوی اور مجید امجد کی شاعری کو بھی استعمال کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔