ایم کیوایم نے وزرا اور مشیروں کے استعفے بھجوادیئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں کیلئے درخواست

صوبائی وزیر رؤف صدیقی اور ڈاکٹر صغیرنے گورنر سندھ جبکہ مشیروں کے استعفے وزیراعلی کو بھجوا دیئے گئے۔

صوبائی وزیر رؤف صدیقی اور ڈاکٹر صغیرنے گورنر سندھ جبکہ مشیروں کے استعفے وزیراعلی کو بھجوا دیئے گئے۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت سے علیحدگی کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے صوبائی وزرا، مشیران اور معوان خصوصی کے استعفے گورنر اور وزیر اعلیٰ کو بھجوادیئے ہیں جبکہ اسپیکر کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں کے لئے بھی درخواست دے دی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت سے علیحدگی کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے صوبائی وزرا کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے رؤف صدیقی اور ڈاکٹر صغیر کے استعفے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو بذریعہ فیکس بھجوادیئے ہیں، اس کے علاوہ مشیر فیصل سبزواری اورعادل صدیقی اور معاون خصوصی حسیب الدین کے استعفے بھی وزیراعلٰی سندھ کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔


دوسری جانب ایم کیوایم کے ارکان نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے چیمبر میں اپوزیشن بنچوں کی الاٹمنٹ کی درخواست بھی جمع کرادی ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جو تقریر کی ہے اس کے بعد کوئی جواز نہیں رہ جاتا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر چلا جاسکے جبکہ لفظ ''مہاجر'' کو گالی دینے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

Load Next Story