پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں فیصل سبزواری

ہمارے لئے حکومت چھوٹی چیز اور قائد کے ساتھ وابستگی اہم ہے، رہنما ایم کیو ایم

ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت میں شامل ہوئی، فیصل سبزواری فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ ہم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت میں شامل ہوئے تھے لیکن پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم پیپلزپارٹی کی پالیسی اور ان کے رویے سےاختلاف رکھتے ہیں، سندھ کے شہری علاقوں میں کام نہیں ہورہا، جب بلدیاتی نظام تھا تو کراچی میں کام ہوا اور وسائل عوام کی فلاح پرخرچ بھی ہوئے، ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت میں شامل ہوئی لیکن ہمیں اس بات پر تشویش رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے کوٹا سسٹم نے سندھ کو 2 حصوں میں تقسیم کردیا ہے اسی نظام کی بدولت صوبہ شہری اور دیہی علاقوں میں تقسیم ہوا۔ ایم کیوایم کے کارکنوں کا اپنے قائد کے ساتھ جذباتی رشتہ ہے، ہمارے لئے حکومت چھوٹی چیز اور قائد کے ساتھ وابستگی اہم ہے، ہم مزید سخت بات کرسکتے تھے لیکن ہم نے احتیاط سے کام لیا، سیاست میں انتہا پسندی نہیں ہونی چاہئے، ہمیں ان انتہاؤں پر نہیں جانا چاہئے کہ ہم ایک دوسرے سے ہاتھ بھی نہ ملا سکیں۔


خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ہمیں وزارتوں،گاڑیوں اورمراعات کا شوق نہیں،متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا لیکن ہم مفاہمت کے نام پرمنافقت پریقین نہیں رکھتے، پیپلزپارٹی کاکراچی میں جلسہ کرنا کوئی کمال نہیں، کراچی میں تمام جماعتیں جلسے کرتی ہیں ، اسی طرح پیپلزپارٹی نے بھی کیا، اگر انہیں جلسہ کرنا ہے تو لیاری میں کرکے دکھائیں۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 18 اکتوبر کے جلسے میں ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو تنقید کا نشانہ بنانے پر ایم کیو ایم نے گزشتہ روز سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔
Load Next Story