عالمی ادارہ صحت نے نائیجیریا کو ایبولا وائرس سے فری ملک قرار دیدیا

42 روز کی کوششوں کے بعد اس جان لیوا وائرس کو نائجیریا میں فی الحال شکست دی جاچکی ہے، نمائندہ عالمی ادارہ صحت


AFP October 20, 2014
نائجیریا میں ایبولا کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اس وائرس پر ہمیشہ کے لئے قابو پاسکتے ہیں، نمائندہ عالمی ادارہ صحت فوٹو: رائٹرز/فائل

عالمی ادارہ صحت نے جان لیوا ایبولا وائرس سے متاثرہ افریقی ملک نائجیریا کو اب اس سے پاک قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے نائجیریا میں نمائندے نے دارالحکومت ابوجا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 42 روز کی کوششوں کے بعد اس جان لیوا وائرس کو نائجیریا میں فی الحال شکست دی جاچکی ہے اور اس دوران وائرس سے متاثرہ کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تاہم جب تک اس وائرس کو باقی متاثرہ ممالک سے پوری طرح ختم نہیں کیا جاتا وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے امکانات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نائجیریا میں ایبولا کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اس وائرس پر ہمیشہ کے لئے قابو پاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ افریقی ممالک کے بعد دنیا کے دیگر ممالک میں پھیلنے والے اس خطرناک وائرس سے رواں سال اب تک 4 ہزار 500 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 10 ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے جن میں بڑی تعداد گیانا، لائبیریا اور سیرا لیون کے شہریوں کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں