حنیف عباسی نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا

عمران خان 15 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں بصورت دیگر انکے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، حنیف عباسی


ویب ڈیسک October 21, 2014
عدالت نے ایفی ڈرین کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حنیف عباسی نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجواتے ہوئے 15 روز میں غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایفی ڈرین کیس کی سماعت راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد اختر بہادر کی سربراہی میں ہوئی، آج عدالت نے ایفی ڈرین کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے بھائی باسط عباسی سمیت 8 ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا تھی تاہم ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ باسط عباسی حج پر گئے ہوئے ہیں اور 3 روز بعد وطن واپس آ رہے ہیں جس پر عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

دوران سماعت حنیف عباسی کے وکیل نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھی بھجوایا جس میں سابق رکن قومی اسمبلی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایفی ڈرین کیس میں تحریک انصاف کے چیرمین نے انہیں منشیات فروش اور اسمگلر کہا جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان 15 روز میں معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ اور قانونی چارہ بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں