ایم کیوایم کےمرکز نائن زیرو سےمشکوک شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق مشکوک شخص ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کے اطراف کی ویڈیو بنارہا تھا کہ علاقہ مکینوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق مشکوک شخص ازبک باشندہ ہے جو اردو نہیں جانتا جبکہ اس کے قبضے سے افغانستان کی یونیورسٹی کا کارڈ اور نقدی سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے مشکوک شخص کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنویر نوید کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو طالبان سے دھمکی آمیز خطوط ملے ہیں جس میں طالبان نے الطاف حسین کو نقصان پہنچانےکا کہا جس کے بعد ہر کارکن الطاف حسین کی سکیورٹی کے لیے فکر مند ہے، الطاف حسین برطانیہ کے مہمان ہیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور حکومت بھی برطانیہ کو الطاف حسین کی سکیورٹی کا کہے۔
کنور نوید نے کہا کہ آج ایم کیوایم کے مرکز کے پاس سے جس شخص کو گرفتار کیا گیا وہ افغانستان کا باشندہ تھا اور اس نے بتایا کہ وہ آج کراچی آیا ہے اس کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا جبکہ مشکوک شخص نے خود کو چھوڑنے کے لیے ہمیں ایک لاکھ ڈالر دینے کی بھی پیش کش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی سے دانستہ طورپر آنکھیں چرائی گئی ہیں، حکومت نائن زیرو اور ایم کیوایم کی سکیورٹی کا بندوبست کرے۔