’’عمر‘‘ کی جوڑی کا کارنامہ افریقی شیروں کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا

76 پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد27بالز پر49 کی شراکت،پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد2 وکٹ سے کامیابی کو گلے لگایا،


Sports Desk September 29, 2012
عمر اکمل کے جارحانہ اسٹروک، دونوں نے مشکل وقت میں 49 رنز کی قیمتی شراکت بنا کر ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرایا فوٹو : اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے سپر8 میچ میں ''عمر'' کی جوڑی نے افریقی شیروں کے منہ سے فتح کا نوالہ چھیننے کا کارنامہ انجام دے دیا۔

پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد2 وکٹ سے کامیابی کو گلے لگایا،134کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم نے76 پر 7 وکٹیں گنوا دیں،عمر اکمل نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور دوسرے سے عمرگل نے پروٹیز بولرز کی خوب دھنائی کردی، دونوں نے صرف27بالز پر49 رنز جوڑ کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا، مین آف دی میچ عمر گل نے صرف17گیندوں پر کیریئر بیسٹ 32 رنز اسکور کیے۔

عمر اکمل 43 پر ناقابل شکست رہے،آخری اوور کی چوتھی گیند پر جب سعید اجمل نے وننگ شاٹ کھیلا تو عمر نے سجدہ شکر ادا کیا، پیسر ڈیل اسٹین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، قبل ازیں پاکستانی بولرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ورلڈ نمبر ون افریقی سائیڈ کو6 وکٹ پر 133 رنز تک محدود رکھا، پال ڈومنی نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے، یاسر عرفات اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق آر پریماداسا اسٹیڈیم میں پاکستان نے134کے ٹارگٹ کا تعاقب مثبت اندازمیں شروع کیا، محمد حفیظ اور عمران نذیر نے بالترتیب اسٹین اور مورن مورکل کے ابتدائی اوورز میں 2،2 چوکے لگا دیے، عمران (14)اسٹین کے دوسرے اوور کی ایک گیند کو بائونڈری کی سیر کرانے کے بعد وکٹ کیپر ڈی ویلیئرز کو کیچ دے بیٹھے۔

24 پر پہلی وکٹ کھونے والی ٹیم نے 13 رنز کے اضافے سے مزید 3 وکٹیں گنوا دیں، فاف ڈو پلیسس کی جگہ ٹیم میں آنے والے لیفٹ آرم اسپنر روبن پیٹرسن نے ایک ہی اوور میں محمد حفیظ (15) اور ناصر جمشید (صفر) کو اسٹمپڈ کرایا، کامران اکمل (1)کو بوتھا نے تیز گیند پر بولڈ کیا، شعیب ملک اور عمر اکمل نے26 رنز کی مختصر شراکت سے اننگز کو سنبھالا دیا۔

شعیب نے ہیرو بننے کا موقع گنواتے ہوئے12 رنز پر کیلس کی گیند پر اسٹین کو کیچ تھما دیا ،شاہدآفریدی کی روٹھی فارم بھی نہ مان سکی اور پہلی ہی بال پر چھکا لگانے کی کوشش میں البائی مورکل کو کیچ دے دیا، کامیاب بولر ڈومنی نے کچھ دیر بعد یاسر عرفات (3) کا کیچ تھاما، اسٹین نے دوسری وکٹ ملنے کی خوشیاں منائیں،76پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد فتح دیوانے کا خواب لگنے لگی۔

مگر دونوں عمر کچھ اور ہی موڈ میں تھے، انھوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے پروٹیز کے ارمان خاک میں ملا دیے، اننگز کا 16اور 17 واںاوور ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا جس میں مجموعی طور پر36 رنز بنے، عمر گل نے پہلے کیلس کو مسلسل دو چھکے رسید کر کے16 رنز بٹورے پھر البائی کو ایک چوکا اور چھکا لگایا۔

اس اوور میں اکمل نے بھی ایک گیند کو بائونڈری کی راہ دکھائی یوں20 رنز بن گئے،18ویں اوور میں گل نے مورکل کو ایک اور چوکا رسید کر کے 7 رنز بٹورے،اگلے اوور میں جب اسٹین نے انھیں پیٹرسن کی مدد سے میدان بدر کیا تو ہدف پاکستان کی دسترس میں آ چکا تھا، عمر گل نے 17 گیندوں پر32 رنز کی اننگز کھیلی،آخری اوور میں ٹیم کو 9رنز بنانے تھے۔

دوسری ہی گیند پر عمر اکمل نے مورن مورکل کو چھکا لگا کر پاکستانی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی،پھر سنگل لے کر انھوں نے سعید اجمل کو اسٹرائیک دی،اگلی گیند جب ان کے بیٹ سے ٹکرا کر بائونڈری لائن کے پار گئی تو پاکستان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا، عمر 41 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اسٹین نے 3 اور پیٹرسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم کی عمدہ بولنگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے پر ڈی ویلیئرز کو پچھتانے پر مجبور کر دیا، سہیل تنویر کی جگہ کھیلنے والے لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن کو حفیظ نے نئی گیند تھمائی۔

پہلے ہی اوور میں کامران اکمل نے ہاشم آملا کو کیچ اور اسی گیند پر اسٹمپڈ کرنے کا موقع گنوایا،اس غلطی کو یاسر عرفات نے سنگین ثابت نہ ہونے دیا اور آملا (6) کو کور میں موجود شعیب ملک کا کیچ بنوا دیا، اسی اوور میں رچرڈ لیوی کو چانس مل گیا، کیلس شاٹ کھیلتے ہی بھاگ کھڑے ہوئے رضا کے تھرو پر گیند اگر وکٹوں سے ٹکرا جاتی تو لیوی کی واپسی یقینی تھی۔

وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور سعید اجمل کی دوسری ہی گیند پر ریورس سوئپ شاٹ کھیلنے ہوئے بولڈ ہو گئے،اوپنر کی اننگز 8رنز تک محدود رہی،حفیظ کو بھی پہلے ہی اوور میں وکٹ مل گئی جب کیلس (12) شارٹ کور پر آفریدی کا کیچ بن گئے،28 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد پال ڈومنی نے فرحان بہردیان کے ساتھ38رنز جوڑے،فرحان (18) کو حفیظ کی گیند پر کامران نے اسٹمپڈ کیا۔

ڈومنی بدستور ڈٹے رہے اور ڈی ویلیئرز کے ساتھ بھی44 رنز کی شراکت بنا دی، کپتان نے عمرگل کو چھکا لگایااور پھر اگلی گیند عمران نذیر کے ہاتھوں میں پہنچا دی، انھوں نے 25 رنز بنائے، ڈومنی نصف سنچری سے 2 رنز قبل یاسر کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں جکڑے گئے۔

البائی مورکل9 اور روبن پیٹرسن 3 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،عمرگل اور یاسر کے آخری3 اوورز میں 29رنز کی بدولت پروٹیز نے 6 وکٹ پر133کا مجموعہ پایا، یاسر عرفات اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |