ملالہ یوسفزئی کے لئے ایک اور اعزاز امریکا نے لبرٹی میڈل سے نواز دیا

امریکی ادارے نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر کی جانب سے لبرٹی میڈل انسانیت کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔


ویب ڈیسک October 22, 2014
ملالہ یوسفزئی کا ایک لاکھ ڈالرانعامی رقم پاکستان میں تعلیم پر خرچ کرنے کا اعلان۔ فوٹو؛ اے ایف پی

HUB:

دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی شخصیت ملالہ یوسفزئی کو تعلیم کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امریکا کا " لبرٹی میڈل" دے دیا گیا۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے شہر فلاڈیلفیا کے نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران ملالہ یوسفزئی کی کوششوں اور تعلیم کے لئے اعلی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لبرٹی میڈل سے نوازا گیا جو انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جبکہ انہیں بطور انعام ایک لاکھ امریکی ڈالر بھی دیئے گئے۔ میڈل حاصل کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لبرٹی ایوارڈ حاصل کرکے فخر محسوس کر رہی ہوں جس کے حصول کے بعد تعلیم کے فروغ اور بچوں کے حقوق کے لئے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔


ملالہ نے انعامی رقم پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بہترین ہتھیار ہے جس کے ذریعے غربت، جہالت اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ ہتھیاروں کے بجائے تعلیم پر رقم خرچ کریں جس میں بچوں کا مستقبل پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر این سی سی کے چیئرمین جیب بش کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی آزادی اور برابری کے لئے جاری لڑائی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایسی رہنما ہیں جو تعلیم کے لئے مخلص ہیں اور تمام نوجوانوں کو ملالہ کے نقش قدم پر چل کر اسٹیٹس کو کے خاتمے اور دنیا بھر میں تبدیلی کے لئے کوششیں کرنی چاہیئے۔


واضح رہے کہ این سی سی کی جانب سے " لبرٹی میڈل " ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جن کی خدمات عام فرد کے لئے ہوں جبکہ ملالہ یوسفزئی سے قبل یہ میڈل سابق امریکی صدور ایچ ڈبلیو بش، بل کلنٹن کے علاوہ نیلسن منڈیلا، شیمون پریس، کوفی عنان اور بونو کو دیا جاچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں