شاہد آفریدی کی آئی ڈی پیزالیون نے نمائشی میچ میں آئی ایس پی آرکو ہرا دیا
پاک آرمی کی جانب سے بنوں کے بکاخیل کیمپ میں منعقدہ نمائشی میچ میں آئی ڈی پیز الیون نے آئی ایس پی آر الیون کو شکست دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کے متاثرہ افراد کے لئے بنوں کے بکاخیل کیمپ میں پاک آرمی کی جانب سے نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی ڈی پیز کی جانب سے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹیم کی قیادت کی جبکہ آئی ایس پی آر الیون کی قیادت کرنل اظہر نے کی۔ ٹینس بال میچ میں آئی ڈی پیز کے کپتان بوم بوم آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 10 اوورز میں 84 رنز بنائے۔ جوں ہی شاہد آفریدی گراؤنڈ میں بیٹنگ کرنے آئے تو شائقین نے ان کا شاندار استقبال کیا اورنعرے بلند کئے۔بوم بوم آفریدی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ بوم بوم کے ایک زور دار چھکے کے بعد گیند گراؤنڈ سے باہر چلی گئی جو مل نہ سکی۔ میچ کے دوران آئی ایس پی آر الیون ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تاہم بکاخیل کیمپوں میں مقیم متاثرین میچ سے محظوظ ہوتے رہے۔
میچ کے مہمان خصوصی ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ اور دیگر پاک فوج کے افسران تھے جنہوں نے آئی ڈی پیز سے اظہار یکجہتی کے لئے نمائشی میچ کو خوش آئند قرار دیا جبکہ اس میچ کے لئے پاک فوج کی جانب سے خصوصی طور پر گراؤنڈ تیار کیا جہاں تین روز قبل ہی پچ کی تیاری کی گئی۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جب عیدالاضحی آئی ڈی پیز کے ساتھ منائی اور اس دوران بچوں کے درمیان جب بیٹ اور بال تقسیم کیں تو انہوں نے آرمی چیف سے فرمائش کی شاہد آفریدی کو بکا خیل کیمپ میں میچ کھیلنے کے لئے مدعو کیا جائے جس پر آرمی چیف نے ان سے وعدہ کیا کہ شاہد آفریدی ضرور ان کے درمیان میچ کھیلیں گے اور آرمی چیف کی ہدایت پر ہی آئی ڈی پیز اور آئی ایس پی آر الیون کے درمیان ایک نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا۔