ویمنز ورلڈ کپ فتح کی تلاش میں پاکستان آج آسٹریلیا کے مقابل

نیوزی لینڈنے جنوبی افریقہ کو 22، سری لنکا نے ویسٹ انڈیزکو 5 رنز سے شکست دیدی۔


Sports Desk September 29, 2012
نیوزی لینڈنے جنوبی افریقہ کو 22، سری لنکا نے ویسٹ انڈیزکو 5 رنز سے شکست دیدی۔ فوٹو : فائل

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح کی تلاش میں سرگراں پاکستانی ٹیم ہفتے کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے مقابل ہوگی۔

اسے ابتدائی مقابلے میں انگلینڈ نے 43رنز سے ہرا دیا تھا، دن کا دوسرا مقابلہ بھارت اور انگلینڈکے درمیان شیڈول ہے، جمعے کوگروپ 'ون ' کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 22رنز سے مات دے دی ،پروٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

کیویز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹ پر 151رنز جوڑے، سوفی ڈیوائن (59) اور فرانسس میک کے (49) نے تیسری وکٹ کیلیے 94رنز کی قیمتی شراکت بنائی، اس سے حریف بولرسوسان بینڈے کی ابتدائی کامیابیاں بھی دھندلا گئیں جنھوں نے 15رنز کے عوض دونوں اوپنرز کو پویلین چلتا کیا تھا، ڈین وان نائیکرک نے29رنز دیکر 2وکٹیں اپنے نام کیں۔

جنوبی افریقی ٹیم جوابی اننگز میں 9 وکٹ پر 129رنز بنا پائی، نائیکرک34 پر ناٹ آئوٹ رہیں جبکہ ایلیسن ہوجکنسن نے 31 اور سوسان بینڈے نے 24رنز اسکور کیے۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز پر ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 5رنز سے غلبہ پالیا،بارش اور خراب موسم کے سبب 10.3 اوورز تک محدود کیے جانے والے مقابلے میں میزبان نے 3وکٹ پر 50رنز بنائے۔

کپتان ششی کلا سری وردنے 18ناٹ آئوٹ اور انوکا گالاگیدیرا15رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،دوبارہ بارش ہونے پر مہمان سائیڈ کو8 اوورز میں 48رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا لیکن وہ 8وکٹیں گنوانے کے باوجود 42رنز ہی جوڑ پائی، اسٹیسی این کنگ 12رنز کے ساتھ انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے میں پہنچا پائیں، چیمانی سینی ویرتنے اور انوکا رانا ویرا نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں