پھٹی کی قیمتیں 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں

نرخ 2450 روپے فی 40 کلو، ٹی سی پی کے خریداری نہ کرنے سے قیمتیں مزید گرنے کا خدشہ

آئل کیک کی فروخت پر 5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی واپس لیا جائے، چیئرمین کاٹن جنرز فورم۔ فوٹو: فائل

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے روئی کی خریداری شروع نہ ہونے اور آئل کیک پر عائد 5 فیصد جنرل سیلزٹیکس برقرار رہنے کے باعث ملک بھر میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے اور پھٹی کی قیمتیں 6 سال کی کم ترین سطح تک گر گئی ہیں جس سے آئندہ سال کپاس کی کاشت میں کمی کا خدشہ ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق روپے کے مقابل ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث توقع تھی کہ پاکستان سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ خاطر خواہ بڑھنے سے روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان سامنے آئے گا.


ساتھ ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی قیمتوں مین استحکام کیلیے ٹی سی پی کے ذریعے کاشت کاروں سے 10 لاکھ بیلز کپاس 3 ہزار روپے فی 40 کلو گرام قیمت پرخریدنے کی منظوری دی تھی لیکن 3 ہفتے گزرنے کے باوجود ٹی سی پی کی جانب پھٹی خریدنے کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آسکا جس کی وجہ ے پھٹی کی قیمتیں 5، 6 سال کی کم ترین سطح 2 ہزار200 سے 2 ہزار450 روپے فی40 کلو گرام تک گر گئی ہیں اور خدشہ ہے کہ ٹی سی پی کی طرف سے اگر فوری طور پر پھٹی کی خریداری شروع نہ کی گئی تو پھٹی کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی۔

احسان الحق کے مطابق 40 فیصد سے زائد پھٹی منڈیوں اور جننگ فیکٹروں میں پہنچ چکی ہے اور خدشہ ہے کہ ٹی سی پی کی طرف سے پھٹی خریداری شروع ہونے تک ملک بھر کے کسان اپنی 60 سے 75 فیصد تک پھٹی اونے پونے داموں فروخت کرچکے ہونگے جس کے باعث بہت ہی کم کسان پھٹی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اس لیے حکومت کو10 لاکھ کے بجائے 20 لاکھ بیلز خریدنے کے فوری احکام جاری کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آئل کیک کی فروخت پر عائد 5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے جس سے توقع ہے کہ پھٹی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ابھرنے آنے سے کسانوں کی فی ایکڑ آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ سامنے آئے گا۔
Load Next Story