کوئٹہ میں سبزی منڈی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق 2 زخمی

واقعے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا کل شہرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال اور3 روزہ سوگ کا اعلان


ویب ڈیسک October 23, 2014
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ہزار گنجی کے علاقے میں سبزی منڈی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ واقعے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں سبری منڈی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 نا معلوم مسلح افراد نے منی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے سبزی فروش تھے اور ان کا تعلق ہزارہ قبائل سے ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہزار گنجی میں فائرنگ سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا جبکہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے کل شہرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل بلوچستان کے علاقے حب میں ساکران روڈ پر بھی فائرنگ کر کے پولٹری فارم کے 8 ملازمین کو قتل کر دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں