قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ طاہرالقادری دھرنے سے چلے گئے بلکہ اسے غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مشاورت سے آگے بڑھنا چاہیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سب سے مضبوط فورم ہے اور یہی مسائل حل کرسکتا ہے تاہم اب بھی پارلیمنٹ کا ایک گروپ باہر بیٹھا ہے اور خواہش ہے کہ طاہرالقادری کی طرح عمران خان بھی دھرنا ختم کردیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے جبکہ دھرنا ختم ہونا کسی کی جیت نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی جیت ہے اور حکومت اس خوش فہمی میں رہے کہ طاہرالقادری چلے گئے تو بات ختم ہوگئی۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے کئی برس بعد سیاسی پختگی دکھائی تاہم اسلام آباد میں جو ہوا اچھے کے لئے تھا اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلطیوں سے سیکھ کر مشاورت سے آگے بڑھے۔