بھارت ہماری اندرونی صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے خواجہ آصف

ہماری صلح اور امن کی خواہش کو کمزور نہ سمجھا جائے اگربرا وقت آیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے، وزیر دفاع

تحریک انصاف کو بھی دھرنا ختم کرکے پارلیمنٹ کے اندر کردار ادا کرنا چاہئے، خواجہ آصف، فوٹو؛ فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت ہماری اندرونی صورتحال سے کوئی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے لہٰذا ہم نہیں چاہتے کہ صورتحال خراب ہو مگر برا وقت آیا تو بھرپور جواب دیں گے۔


قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم مغربی سرحدوں پر دہشت گردوں کے خلاف تاریخی جنگ لڑرہے ہیں لیکن بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی قوت ہیں اس لیے دونوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندرونی خلفشار سے بھارت کو پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کے لیے شہ مل رہی ہے اور اگر بھارت ہماری اندرونی صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، ہماری مسلح افواج جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری صلح اور امن کی خواہش کو کمزور نہ سمجھا جائے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ صورتحال خراب ہو مگر خدانخواستہ برا وقت آیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ دھرنوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کے دھرنا ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اب تحریک انصاف کو بھی دھرنا ختم کرکے پارلیمنٹ کے اندر کردار ادا کرنا چاہئے۔
Load Next Story