
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر صابر شہید گراؤنڈ میں جمعیت علمائے اسلام کےتحت مفتی محمود کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جے یوآئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خطاب کیا اورجلسہ ختم ہونے کے بعد جب مولانا فضل الرحمان اپنی گاڑی میں بیٹھ کر جارہے تھے تو اس دوران خود کش حملہ آور نے ان کے قریب آنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی پر مامور افراد جب اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے،دھماکے میں مولانا فضل الرحمان محفوظ رہے لیکن ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکا اتنا زوردارتھا کہ اس کی آواز دوردورتک سنی گئی،دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور تین دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں،ریسکیو ٹیموں نے فوری طورپر جائے وقوعہ پرپہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جب کہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،پولیس کےمطابق خود کش حملے میں مولانا فضل الرحمان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم ان کی گاڑی بم پروف تھی جس کے باعث وہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا ہے جہاں آج صبح بھی دھماکا اور فائرنگ کے واقعات ہوئے جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوئے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔