عمدہ کھیلسرفرازنے مستند بیٹسمین کا روپ اختیار کرلیا

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی چاروں اننگز میں سرفراز خان نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔


Sports Desk October 24, 2014
سرفراز احمد کی دبئی ٹیسٹ میں 109 رنز کی اننگز ٹیسٹ کرکٹ میں ایڈم گلکرسٹ کے بعد کسی بھی وکٹ کیپر کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد نے عمدہ کھیل سے مستند بیٹسمین کا روپ اختیار کرلیا۔ ٹیم میں واپسی کے بعد سے ان کی بیٹنگ کے جوہر خوب کھلے اور وہ متواتر عمدہ اننگز کھیل رہے ہیں.

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی چاروں اننگز میں انھوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں، اب دبئی میں بھی وہ بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ میں پہلے بھی بیٹنگ پر توجہ دیتا تھا لیکن رنز نہیں ہو رہے تھے، اس بار ٹیم میں واپسی ہوئی تو ملنے والے موقع کو آخری جانا اور کوشش کی کہ جس انداز سے میں ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتا ہوں اسی طرح انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی حصہ لوں۔ سرفراز احمد کی دبئی ٹیسٹ میں 109 رنز کی اننگز ٹیسٹ کرکٹ میں ایڈم گلکرسٹ کے بعد کسی بھی وکٹ کیپر کی دوسری تیز ترین سنچری ہے، یہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں چوتھی تیز ترین تھری فیگر اننگز بنی، انھوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا قطعاً اندازہ نہیں تھا کہ کوئی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

خوشی اس بات کی ہے کہ سنچری بنائی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ جب بیٹنگ کیلیے گیا تو کوچ وقار یونس نے کہا کہ جو تمہارا قدرتی کھیل ہے وہ کھیلنا لیکن مچل جانسن کے خلاف اگر اسٹروکس نہیں کھیل سکتے تو اس کے تین، چار اوورز کا اسپیل گزار لینا۔ محمد حفیظ کی غیرموجودگی میں سرفراز احمدآسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلے تھے لیکن ٹیسٹ میں وہ اپنی ساتویں نمبر کی بیٹنگ سے خوش ہیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے کی صلاحیت ہے تو ان کا جواب تھا یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایساکرنے کے مواقع کم ہوتے ہیں تاہم اگر کسی اچھے بیٹسمین کا ساتھ رہا تو بڑی اننگز بھی کھیل سکتا ہوں، البتہ جب ٹیل اینڈرز آجاتے ہیں تو پھر ان کے ساتھ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔ سرفراز احمد کو اپنی بیٹنگ میں سوئپ شاٹس کھیلنا بہت پسند ہے، انھوں نے کہاکہ میں معین خان کو یہ شاٹ کمال مہارت سے کھیلتے دیکھتا آیا لہذا ایسا ہی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |