پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف عالمی سطح پر مہم شروع کرنے کا اعلان

جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں بی جے پی کے منشور کا حصہ ہیں جس کا اعلان اس نے انتخابی مہم کے دوران کیا،مشیرخارجہ

پاکستان نے ہمیشہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی لیکن بھارت کی طرف سے کوئی مثبت ردعمل نہیں ملا، سرتاج عزیز فوٹو:فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی مہم شروع کرے گا۔


جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے حالیہ واقعات سے متعلق سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ یہ خلاف ورزیاں موجودہ بھارتی حکمران جماعت کے اس منشور کی عکاسی کرتی ہیں جس کا اعلان اس نے انتخابی مہم کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ بھارت نے رواں سال لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی 224 خلاف ورزیاں کیں جن کی شدت گزشتہ خلاف ورزیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی لیکن اس حوالے سے بھارت کی جانب سے کبھی کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی فوجی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ہیں اور پاکستان ان خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی مہم شروع کرے گا۔
Load Next Story