ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں مارٹر گولے فائر

ایرانی فورسزنے صبح 4 بجے ماشکیل میں 5 مارٹرگولےفائرکئےتاہم اس کے نتیجےمیں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا،سکیورٹی ذرائع


ویب ڈیسک October 24, 2014
اس سے قبل بھی 17 اکتوبر کو ایرانی فورسز نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں صوبیدار شہید اور3اہلکارزخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو؛فائل

ایران نے ایک بار پھر پاکستانی سرحدی علاقے میں 5 مارٹر گولے فائر کئے ہیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح 4 بجے بلوچستان کے ضلع واشو کی تحصیل ماشکیل میں 5 مارٹرگولے فائر کئے گئے تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا جب کہ یہ ایک ہفتے کے دوران ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں کارروائی کا دوسرا واقعہ ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے ڈپٹی جنرل کمانڈنگ بریگیڈیئر حسین سلامی نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگراس نےاپنی سرحد کو محفوظ نہ بنایا تو پاکستانی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں گےجب کہ اس سے قبل ایرانی بارڈر سیکیورٹی گارڈز کے اغوا کے بعد ایران پاکستانی حدود میں کارروائی کی دھمکی دے چکا ہے اور ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمان کا کہنا تھا اگر پاکستان نے ایرانی سیکیورٹی محافظین کو رہا کرانے کے لیے کچھ نہ کیا تو ہم پاکستان میں اپنے فوجی بھیج کر ان کو رہا کرانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو ایرانی فورسز نے ایف سی کی سرحد پر پیٹرولینگ کرنے والی پارٹی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں صوبیدار شہید اور3اہلکارزخمی ہوگئے تھے جس کے بعد دفترخارجہ نے اس واقعے پر ایران سے احتجاج بھی کیا جب کہ ایرانی دفترخارجہ نے پاکستان کے سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے الزام عائد کیا تھا کہ اس کی سرزمین سے دہشت گرد ایران میں داخل ہوکر کارروائیاں کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں