اسپیکر قومی اسمبلی کا تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے حتمی نوٹس

تحریک انصاف کے اراکین اگر استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش نہ ہوئے تو ان کے استعفے منظور کرلیے جائیں گے، اسپیکر کا نوٹس


ویب ڈیسک October 24, 2014
تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے گزشتہ ایک ماہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع ہیں، فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 29 اکتوبر کو پیش ہونے کا حتمی نوٹس جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے دیا گیا مناسب وقت ختم ہوگیا ہے اس لیے تصدیق کے لیے بدھ 29 اکتوبر کو پیش نہ ہونے والے ارکان کے استعفے منظور کرلیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے گزشتہ ایک ماہ سے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع ہیں تاہم حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے باعث انہیں منظور نہیں کیا گیا تھا جبکہ قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی وزیراعظم نواز شریف کو تجویز دی تھی کہ تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور نہ کئے جائیں جس کے بعد وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تھی استعفوں کی منظوری کا عمل مؤخر کردیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔